Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشدیپ سنگھ کی حمایت میں سچن تندولکر بھی بول پڑے

منگل کو سری لنکا کے خلاف ارشدیپ سنگھ نے آخری اوور بھی کروایا تھا۔
سابق عظیم انڈین کرکٹر سچن تندولکر بھی انڈین فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔
منگل کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سچن تندولکر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ 'ہر اتھلیٹ اپنے ملک کی نمائندگی کرتا ہے اور ہمیشہ ملک کے لیے کھیلتا ہے، انھیں ہماری مسلسل حمایت کی ضرورت ہوتی اور یاد رکھیں کھیلوں میں آپ کچھ جیتتے ہیں، کچھ ہارتے ہیں، آئیں کرکٹ اور کسی دوسرے کھیل کو ذاتی حملوں سے دُور رکھیں۔‘
سچن تندولکر نے مزید ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ارشدیپ سنگھ سخت محنت جاری رکھیں، اور اپنی کارکردگی سے بہترین جواب دیں، میں آپ کو غور سے دیکھ رہا ہوں، میری نیک تمنائیں۔‘
4 ستمبر کے روز دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف ارشدیپ سنگھ نے آصف علی کا اہم کیچ گرایا تھا جس کے بعد ان پر نہ صرف بدترین تنقید کی گئی بلکہ انھیں خالصتانی بھی کہا گیا۔
پاکستان کے خلاف میچ کے بعد ارشدیپ سنگھ کی حمایت میں انڈین پنجاب کے وزیرِاعلی سمیت سابق کھلاڑیوں نے بھی ٹویٹ کیے جس میں ان کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی اور بے جا ٹرولنگ کی مذمت کی گئی تھی۔
منگل کو سری لنکا کے خلاف ارشدیپ سنگھ نے آخری اوور بھی کروایا تھا جس پر ان کی تعریف کی جارہی ہے۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کی جانب سے تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
جونز لکھتے ہیں کہ ’ایشیا کپ کے لیے ارشدیپ کا آخر میں اوور کرنا انڈیا کے لیے ایک بڑی مثبت چیز ہے، یہ سچ میں ایک ہیرو ہیں۔
ایلی گونی نے لکھا کہ ’ہم نے دھونی کو آخری بال والی تھرو کے وقت بہت مِس کیا، لیکن ارشدیپ نے کیا خوبصورت آخری اوور کروایا ہے۔
فرید خان کہتے ہیں کہ’مجھے ارشدیپ کے لیے برا لگ رہا ہے، وہ بہت زیادہ عزت کے حقدار ہیں، بھونیشور اور اس کی رفتار نے انڈیا کو ہرایا، مجھے بہت حیرانی ہوگی اگر محمد شامی ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلیا نہیں جائیں گے تو۔‘

شیئر: