’قوی‘ پورٹل کے ذریعے غیرملکی کارکنوں کے نقل کفالہ کا سسٹم اپ ڈیٹ
وزارت افرادی قوت کارکنان کو نئی سہولتیں فراہم کررہی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ’قوی‘ پورٹل کے ذریعے انفرادی اداروں کے درمیان کارکنوں کے نقل کفالہ کے سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت لیبر مارکیٹ کی حکمت عملی کے اہداف کے لحاظ سے کارکنان کو نئی سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ لیبر مارکیٹ اور ورکرز کے حقوق کا معیار بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ یہ تبدیلی اسی تناظر میں کی گئی ہے۔
نئے سسٹم کے تحت اگر نقل کفالہ کرانے والے کارکن کی جانب سے سابق آجر نے ’مقابل مالی‘ ادا نہ کیا ہو تو ایسی صورت میں سابق آجر سے مقابل مالی کا مطالبہ نہیں ہوگا اور نئے آجر سے مقابل مالی طلب کیا جائے گا۔
نئے سسٹم میں نیا آجر اسی دورانیے کا مقابل مالی ادا کرنے کا پابند ہوگا جس تاریخ سے اجیر نے اس کے یہاں نقل کفالہ کرایا ہوگا۔
وزارت افرادی قوت نے قوی پورٹل پر نقل کفالہ کے سسٹم کو اپ ڈیٹ کرکے تمام فریقوں کے مفادات کا لحاظ رکھا ہے۔
اس کے تحت اگر پرانے آجر نے اس دورانیے کا مقابل مالی ادا نہیں کیا ہوگا جب اجیر اس کے یہاں کام کررہا تو اس کا مطالبہ اسی آجرسے کیا جائے گا۔ نئے آجر پر پرانے مقابل مالی کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔