Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے انڈیا اور جاپان کا فوجی مشقیں کرنے کا منصوبہ

انڈیا نے گزشتہ ہفتے اپنا پہلا مقامی ساختہ طیارہ بردار بحری جہاز بنا کر پانی میں اتارا تھا۔ فوٹو: روئٹرز
انڈیا اور جاپان نے دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کی افواج مشترکہ مشقیں کریں گی۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعرات کو انڈیا کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب یاسوکازو حمادا سے ملاقات کی۔
دونوں وزرا اپنے خارجہ سیکریٹریوں کے ہمراہ بھی مذاکرات کریں گے۔
انڈین وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے انڈیا کے دفاعی شعبے میں جاپانی صنعت کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
بیان کے مطابق ’دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ابتدائی لڑاکا مشقوں کا جلد انعقاد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان مزید تعاون اور باہمی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔‘
انڈیا بھی جاپان کی طرح اپنے پڑوسی ملک چین سمیت بڑھتے ہوئے سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی فوجی قوت کو بڑھا رہا ہے۔
جاپان میں وزیراعظم فیومو کشیڈا نے دفاعی اخراجات میں واضح اضافے کا وعدہ کیا ہے۔
جاپان کی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اگلے پانچ برسوں میں جاپان کے فوجی بجٹ کو مجموعی گھریلو پیداوار کے دو فیصد تک کرنا چاہتی ہے
انڈیا نے گزشتہ ہفتے اپنا پہلا مقامی ساختہ طیارہ بردار بحری جہاز بنا کر پانی میں اتارا تھا۔
خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کو دیکھتے ہوئے دہلی ٹوکیو کے ساتھ اپنے سکیورٹی تعلقات کو بڑھا رہا ہے۔
یہ دونوں ممالک، آسٹریلیا اور امریکہ کے ساتھ مل کر کواڈ گروپ آف نیشنز کے رکن ہیں اور انڈو پیسیفک کے پار سالانہ بحری مشقوں کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کا مظاہرہ کیا جا سکے۔
رواں سال مئی میں کواڈ اجلاس کے بعد انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی اور جاپانی وزیراعظم کشیڈا نے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ دونوں ملک ’انڈو پیسیفک کو کھلا اور آزاد‘ رکھنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

شیئر: