Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا پیسیفک خطے کو سرد جنگ کی طرف نہیں لوٹنا چاہیے: چینی صدر

چینی صدر شی جنگ پن اور امریکی صدر بائیڈن کے درمیان اگلے ہفتے ملاقات متوقع ہے (فوٹو: اے ایف پی)
چین کے صدر شی جنگ پنگ نے کہا ہے کہ ایشیا پیسفک کے خطے کو سرد جنگ کے دور کی طرف نہیں لوٹنا چاہیے۔
جمعرات کو خبر ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بیان چینی صدر کی امریکی صدر جو بائیڈن سے ورچوئل ملاقات سے ایک ہفتہ قبل سامنے آیا ہے۔
ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) کانفرنس کے حوالے سے ہونے والے فورم میں چینی صدر کے ریکارڈڈ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’جیوپولیٹکل میدان میں نظریاتی لائنز کھینچنے یا چھوٹے دائرے بنانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔‘
 شی کا کہنا تھا کہ ’ایشیا پیسفک کو سرد جنگ دور کے تصادم اور تقسیم میں نہیں پڑنا چاہیے اور نہ وہ ایسا کر سکتا ہے۔‘
چینی صدر کے بیان کو امریکہ کی ان کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا جو اس کی جانب سے انڈیا، جاپان اور آسٹریلیا اور دوسرے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کی جا رہی ہیں اور ان کو چین اپنی فوجی اور معاشی طاقت کے خلاف سمجھتا ہے۔
منگل کے روز چین کی فوج کی جانب سے ایک بیان میں آبنائے تائیوان کے حوالے سے جنگی تیاریوں اور گشت کا ذکر سامنے آیا تھا جبکہ چین کی وزارت خارجہ نے امریکی وفد کے تائیوان کے دورے کی مذمت بھی کی تھی، چین تائیوان پر اپنی ملکیت کی دعویداری بھی رکھتا ہے۔
بائیڈن انتظامیہ کے ابتدائی دور میں ہی امریکہ اور چین کے درمیان سفارتی طور پر بننے والی صورت حال نے اتحادیوں میں تشویش پھیلا دی ہے اور امریکی حکام کا ماننا ہے کہ چینی صدر شی کے ساتھ براہ راست رابطہ کاری ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جس کی بدولت دو بڑی معشیتوں اور طاقتوں کے تعلقات کو بہتر رکھا اور تصادم سے روکا جا سکتا ہے۔
ابھی تک امریکی اور چینی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے لیے تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ جلد ہی یعنی اگلے ہفتے کے دوران ہو گی۔
ایک ہفتہ تک جاری رہنے والا سالانہ فورم جمعے کے روز ایپک کے 21 رہنماؤں کی ملاقات پر جمعے کے روز اختتام پذیر ہو گا۔
نیوزی لینڈ اس کی میزبانی کر رہا ہے جو آن لائن ہو گا کیونکہ کورونا وبا کو روکنے کی غرض سے نیوزی لینڈ نے سرحد بند کر رکھی ہے۔
چینی صدر ویڈیو کے ذریعے میٹنگ میں شریک ہوئے کیونکہ چین کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے زیر ٹولیرینس کی پالیس اپنائے ہوئے ہے
چینی صدر اسی ہفتے حکمران کمیونسٹ پارٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

شیئر: