بنگلہ دیش کی آزادی میں انڈیا کے کردار کو ہمیشہ یاد کرتے ہیں: شیخ حسینہ واجد
بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دورہ انڈیا کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک نے جنگ آزادی میں جو کردار ادا کیا، اسے ہمیشہ یاد کیا جاتا ہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق منگل کو انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ دہلی میں ملاقات کے دوران شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ انڈیا آنے پر انہیں ہر مرتبہ خوشی محسوس ہوتی ہے، خاص طور پر انڈیا کے بنگلہ دیش کی جنگ آزادی میں کردار ادا کرنے کی وجہ سے۔
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا ہمارا دوست ہے۔ یہاں آنا میرے لیے خوشی کا سبب ہوتا ہے۔ ہماری جنگ آزادی کے دوران انڈیا نے جو کردار ادا کیا اسے ہم ہمیشہ یاد کرتے ہیں۔ ہمارے دوستانہ تعلقات ہیں، ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔‘
نریندر مودی نے دہلی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ راشترپتی بھون میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود تھے۔
بنگلہ دیش کی خارجہ پالیسی میں انڈیا کو اولین ترجیح دی جاتی اور ایک دوست ہمسایہ ملک کا درجہ دیا گیا ہے۔
سال 2021 میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو 50 برس ہو چکے ہیں، جبکہ اسی سال بنگلہ دیش کی آزادی کی 50ویں سالگرہ منائی گئی تھی اور ملک کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی 100ویں سالگرہ کا جشن منایا گیا۔
سال 2021 میں ہی وزیراعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔ 2015 کے بعد سے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان 12 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
شیخ حسینہ اور نریندر مودی کی قیادت میں دونوں ممالک نے زمینی اور بحری حدود تعین کرنے کے معاملے پر اہم پیش رفت کی ہے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی، ترقی، ثقافت، تجارت، معیشت، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں بھی خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں۔
علاج معالجے کے لیے بنگلہ دیش کے شہری زیادہ تر انڈیا کا ہی رخ کرتے ہیں۔ سال 2021 میں انڈیا کی جانب سے بنگلہ دیش کے شہریوں کو جاری ہونے والے 2 لاکھ 80 ہزار ویزوں میں سے 2 لاکھ 30 ہزار میڈیکل ویزے جاری کیے گئے تھے۔