Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلوکارطلال مداح کا مکان گرانے کا فیصلہ کرلیاگیا

طلال مداح کی بیٹی نے آبائی مکان کو میوزیم بنانے کی درخواست کی تھی(فوٹو، ٹوئٹر)
باخبر ذرائع نے  بتایا ہے کہ عرب دنیا کے معروف گلوکار طلال مداح کا گھر  منہدم کرنے کا فیصلہ  کرلیا گیا ہے۔ اعزہ نے متعلقہ اداروں سے منہدم کیے جانے والے مکان کا معاوضہ طلب کرلیا۔ 
اخبار 24 کے مطابق طلال مداح کا مکان قدیم مکہ روڈ پر الروابی محلے میں ہے۔ گزشتہ دنوں اس کے بارے میں یہ بحث چھڑی ہوئی تھی کہ آیا مملکت کے معروف گلوکار کا تاریخی مکان منہدم کیا جائے یا اسے عجائب گھر میں تبدیل کردیا جائے۔ 
جدہ میونسپلٹی نے  اس سے قبل معاشرے میں ہونے والی چہ میگوئیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں غیر منظم محلوں کے انہدام اور تعمیر نو کی کارروائی کی نگراں کمیٹی اس مسئلے کا جائزہ لے رہی ہے۔ 
باخبر ذرائع نے توجہ دلائی ہے کہ الروابی محلے  میں طلال مداح سمیت تمام شہریوں کے مکانات منہدم کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ پورا محلہ نئی منصوبہ بندی کے ساتھ ازسر نو تعمیر ہو اور جملہ عصری سہولتوں سے آراستہ ہو۔ 
طلال مداح کی بیٹی انتصار نے اپنے آبائی مکان کو منہدم نہ کرنے کے لیے درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ انکے والد معروف فنکار تھے اس لیے مکان کو گرانے کے بجائے قومی عجائب گھر میں تبدیل کردیاجائے۔
اس حوالے سے انتصار مداح کا مزید کہنا تھا کہ مکان گرانے یا نہ گرانے کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اس لیے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ 

شیئر: