انڈیا میں ’چین سے منسلک‘ شیل کمپنیوں کا ماسٹرمائنڈ گرفتار
اتوار 11 ستمبر 2022 14:26
ایس ایف آئی او نے کہا ہے کہ اس نے ڈورٹس نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
انڈین حکام نے دعوٰی کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے چین سے منسلک کئی شیل کمپنیاں بنانے کا منصوبہ بنایا تھا اور فراڈ کے کاروبار کو چلانے کے لیے ڈمی ڈائریکٹر مقرر کیے تھے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق تازہ ترین گرفتاری وفاقی حکومت کے سنگین فراڈ انویسٹی گیشن آفس (ایس ایف آئی او) کی جانب سے غیرقانونی لین دین کرنے والی شیل کمپنیوں کے بانی کے خلاف شروع کی گئی ایک بڑی تحقیقات کا حصہ تھی۔
رواں ماہ کے اوائل میں حکومت نے ان انڈین اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جو چین سے منسلک کچھ شیل کمپنیوں کو جعلی ڈائریکٹر فراہم کر رہے تھے۔
ایس ایف آئی او نے کہا ہے کہ اس نے ڈورٹس نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو جلیان ہانگ کانگ لمیٹڈ کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی جلیان انڈیا لمیٹڈ کے بورڈ میں شامل تھا، اور اس نے اس فراڈ کا پتہ لگانے کے لیے متعدد مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
اس میں شیل کمپنیوں کے چینی روابط کی وضاحت نہیں کی گئی اور نہ ہی مبینہ طور پر کی گئی دھوکہ دہی کی نوعیت کا انکشاف کیا گیا ہے۔
ایس ایف آئی او کے مطابق کئی شیل کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کے لیے، ڈورٹس نے ان انڈین شہریوں کے نام استعمال کرنا تھے جن کی کوئی تعلیم نہیں تھی اور وہ معمولی ملازمتوں میں کام کرتے تھے۔
انڈین ایکسپریس اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ مقامی پولیس نے چین سے منسلک شیل کمپنیوں کو ڈمی ڈائریکٹر فراہم کرنے میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک کمپنی کے دو ڈائریکٹروں کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک چینی شہری بھی شامل ہے۔