Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم آپ کے ساتھ ہیں‘ امارات میں پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے امدادی مہم تیز

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سیلاب زدگان کے لیےعوامی رضاکارانہ مہم تیز ہوگئی ہے۔
  ’ہم آپ کے  ساتھ ہیں‘ کے عنوان سے رضاکارانہ مہم  کے دوران سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امداد جمع کی جارہی ہے۔
اماراتی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق امارات میں رضاکاروں نے 1200 ٹن کھانے پینے کی اشیا ، ادویہ اور صفائی کا سامان جمع کیا ہے۔ ان میں 30 ہزار فوڈ پیکٹس شامل ہیں۔ 
متحدہ عرب امارات سیلاب زدگان کو ہنگامی امداد فراہم کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔
امارات میں پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے رضاکارانہ مہم میں مقامی شہریوں کے علاوہ مقیم غیرملکی بھی آگے ہیں۔ ہرعمر اور ہر قومیت کے افراد تین مقامات ابوظبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر،  ایکسپو دبئی اور ایکسپو شارجہ سینٹر میں امدادی سامان جمع کر رہے ہیں۔
اماراتی ہلال احمر، فلاحی انجمن دبئی العطا اور شارجہ فلاحی انجمن  (ہم آپ کے ساتھ ہیں) کے عنوان سے رضاکارانہ مہم کی قیادت کررہی ہیں۔
 تینوں  تنظیمیں اماراتی وزارت سماجی بہبود اور وزارت خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ امارات کے کئی چیرٹی ادارے رضاکارانہ مہم کی سرپرستی کررہے ہیں ان میں خلیفہ بن زاید آل نہیان فاؤنڈیشن، محمد بن راشد آل مکتوم فاؤنڈیشن، القلب الکبیر فاؤنڈیشن، دار البر، انسانی خدمات کی انٹرنیشنل سٹی، سقیا الامارات فاؤنڈیشن، بیت الشارقہ فلاحی ادارہ، انٹرنیشنل فلاحی ادارہ، الامارات فلاحی انجمن، الوطنیہ رضاکارانہ پلیٹ فارم شامل ہیں۔ 

رضاکار گروپوں کی شکل میں مختلف کام کررہے ہیں(فوٹو وام)

رضا کارانہ مہم وزارت سماجی بہبود کی نگرانی میں چلائی جا رہی ہے جبکہ دبئی میں سماجی بہبود کے ادارے کے ماتحت رضاکارانہ پلیٹ فارم اور الشارجہ فلاحی مرکز بھی شامل ہیں۔ 
رضاکار گروپوں کی شکل میں مختلف کام کررہے ہیں۔ غذائی اشیا جس میں آٹا، چاول، دال اور خوردنی تیل شامل ہیں پیک کیا جا رہا ہے۔
ادارے کے سیکریٹری جنرل حمود الجنیبی کا کہنا ہے کہا کہ’ پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے رضاکاروں کا  کردار اہم ہے۔ اس وقت امارات کی بارہ تنظیمیں پاکستان میں کام کررہی ہیں‘۔

شیئر: