Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔
اتوار کو ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ‏اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس کا سیلاب متاثرین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ سیلاب متاثرین کی آواز بن گئے ہیں۔‘
رواں برس پاکستان میں ریکارڈ مون سون کی بارشیں ہوئی ہیں۔ موسلادھار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ملک بھر میں تین کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
تباہ کن سیلاب کی وجہ سے تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس کا دو روزہ دورہ عالمی سطح پر اس انسانی سانحے کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں نہایت اہم رہا۔‘
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو دیکھ کر ششدر رہ گئے۔
’دنیا کو ان کی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے حوالے سے گفتگو پر توجہ دینی چاہیے۔‘
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا  تھا۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے اس قسم کی تباہی انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
سیکریٹری جنرل کے مطابق عالمی سطح پر درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے تمام ملکوں کو نقصانات کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’پاکستان کے لیے اپنے وسائل سے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پورے کرنا ممکن نہیں، دنیا کی ذمہ داری ہے کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے۔‘
سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کے دورے کے دوران عالمی برداری سے ’بڑے پیمانے پر‘ امداد کا مطالبہ کیا تھا۔

شیئر: