Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکہ الزبتھ دوم کا تابوت سینٹ جائلز میں، آج لندن پہنچے گا

ملکہ کا تابوت اتوار کو بیلمورل سے سکاٹ لینڈ لے جایا گیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
ایڈنبرا میں سوگ کا سماں ہے، لوگ آنجہانی ملکہ برطانیہ کے تابوت کے پاس جمع ہیں، رات بھر یہی سلسلہ چلتا اور آنسو چھلکتے رہے جبکہ آج نئے شاہ چارلس سوم شمالی آئرلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے اور ملکہ کا تابوت لندن واپس پہنچایا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اس مقام کی منظر کشی کرتے ہوئے بتایا ہے جہاں ملکہ برطانیہ کا تابوت رکھا گیا ہے۔
 وہاں آنے والے ملکہ کو خراج عقیدت پیش کر رہے تھے جبکہ بارہویں صدی کے سینٹ جائلز کیتھریڈل چرچ کے ہال میں بادشاہ کے چار سکاٹش باڈی گارڈز، رائل کمپنی کے آرچرز چاروں کونوں میں سر جھکاتے کھڑے تھے۔
تھوڑی دیر بعد بادشاہ سوم چارلس بھی وہاں سوگ میں ڈوبے اپنے بہن بھائیوں کے پاس پہنچ گئے۔ ملکہ کے تابوت کو سکاٹ لینڈ کی شاہی روایات کے مطابق لپیٹا گیا اور اس پر پھولوں کی چاردر چڑھائی گئی۔
73 سالہ چارلس، 72 سالہ رائل پرنسز این، 62 سالہ ڈیوک آف یارک اینڈریو اور ڈیوک اور 58 سالہ ویسیکس ایڈورڈ دس منٹ تک آنکھیں بند کیے کھڑے رہے۔
پیر کو شاہ چارلس سوم اپنے تین بہن بھائیوں کے ہمراہ ملکہ کے تابوت کے ساتھ ایڈنبرا کی گلیوں سے پیدل گزرے تھے جو سوگواروں سے بھری ہوئی تھیں۔
ملکہ کا تابوت اتوار کو بالمورل، جہاں ان کا انتقال ہوا تھا سے سکاٹ لینڈ کے درالحکومت لے جایا گیا تھا اور رات بھر ہولیروڈ ہاؤس کے شاہی محل میں رکھا گیا تھا۔
اس کے بعد آنجہانی ملکہ کے تابوت کو دعائیہ تقریب کے لیے شاہی رہائش گاہ سے سینٹ جائلز لے جایا گیا۔
اڈنبرا کے شاہی محل میں ایک منٹ کے وقفے سے ملکہ کو توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس راستے کے اردگرد کھڑے تھے جہاں سے جلوس نے گزرنا تھا۔
ملکہ ایلزبتھ دوم کی تدفین کی تقریب پیر 19 ستمبر کو صبح 11 بجے ہو گی۔ یہ تقریب ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد کی جائے گی۔ ویسٹ منسٹر ایبی وہ تاریخی چرچ ہے جہاں برطانیہ کے بادشاہوں اور ملکاؤں کی تاج پوشی کی جاتی ہے۔

شیئر: