Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا تابوت بیلمورل محل سے ایڈنبرا پہنچ گیا

ملکہ الزبتھ دوم کا تابوت سکاٹ لینڈ میں واقع ان کے پسندیدہ بیلمورل محل سے ایڈنبرا پہنچا دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ملکہ کا تابوت اتوار کو محل سے روانہ کیا گیا جو چھ گھنٹے بعد اینڈنبرا پہنچا۔
ملکہ برطانیہ کی تابوت کو محل کے محافظوں نے بال روم سے اٹھایا تھا۔
ملکہ کے تابوت کو سکاٹ لینڈ کے مختلف قصبوں سے گزار کر ایڈنبرا میں واقع ہولی روڈ ہاؤس پیلس پہنچایا گیا۔
تابوت کے گزرنے کے راستوں کے دونوں اطراف بے شمار لوگ قطاروں میں کھڑے تھے۔
اتوار کی صبح بھی بیلمورل کے دروازوں پر پھول، ملکہ کی تصویریں، ٹیڈی بیئرز اور دیگر اشیا نچھاور کر کے ملکہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اتوار کو شروع ہونی والی یہ مذہبی رسومات ملکہ کے صاحبزادے چارلس سوم کے بادشاہ بننے کے بعد شروع ہوئی ہیں۔
چارلس سوم نے بادشاہ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں اس ورثے اور فرائض اور خودمختاری سے جڑی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہوں جو مجھے منتقل ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات باقاعدہ طور پر ویسٹ منسٹر ایبے میں 19 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔
ریاستی طور پر آخری رسومات 19 تاریخ کو دن گیارہ بجے ہوں گی جس کے دوران شرکا ونڈزر کاسل تک ایک جلوس کی شکل میں پیدل جائیں گے۔ ملکہ کو ونڈزر میں کنگ جارج ششم میموریل چیپل میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

شیئر: