Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانڈا سیلفیاں بنواکر ناراض ہوگیا

چنگڈو،چین- - - - پانڈہ مختلف وجوہ کی بناء پر دنیا کے چند مقبول ترین جانوروں میں شمار ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بچے بوڑھے اور جوان سب ہی اسکے ساتھ سیلفیاں بناکر خوش ہوتے ہیں مگر وہ یہ نہیں جانتے کہ جن پانڈہ کے ساتھ وہ تصاویر اترواتے ہیں ان پانڈوں کو یہ کام کیسا لگتا ہے وہ اسے پسند کرتے ہیں یا اس سے ناراض ہوتے ہیں۔ انہی تاثرات کا اظہار ایک 8ماہ کے پانڈہ بچے نے اس وقت کیا جب کوئی سیاح اس کی نگراں کے ساتھ اس کے قریب آیا اور اسکے ساتھ تصویر اتروانے کی کوشش کی۔ اس بات پر پانڈہ کا بچہ بہت ناراض ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس وقت اسکی نگراں اسکے قریب پہنچی تو وہ ایک درخت کی شاخ پر بیٹھا آرام کررہا تھا۔ صرف تصویر اتروانے کیلئے نگراں خاتون نے اسے نیچے اترنے کو کہا اور پانڈہ نے اس پر فوراً عمل کیا۔ مگر اس کی چال ڈھال اور انداز سے اسکی ناراضی صاف جھلک رہی تھی اور وہ اسی طرح اپنا سر جھٹک رہا تھا کہ جیسے وہ کہہ رہا ہوں کہ مجھ سے ایسی حماقتیں برداشت نہیں ہوتیں۔ غصے میں آکر پانڈہ بچے نے اپنی نگراں خاتون کے سر پر کاٹا بھی اور اس کے بال بھی نوچے اور اس وقت تک اسکے بال چھوڑنے کو تیار نہ ہوا جب تک کسی امدادی کارکن نے آکر ان دونوں کو الگ نہیں کیا۔ موقع پر موجود افراد کا کہناہے کہ ہوئی شاؤ نامی یہ پانڈہ بچہ اب کسی کے ساتھ بھی تصویر اتروانے کا خواہشمند نہیں۔ ہوسکتا ہے کہ آئندہ جو بھی اسکے قریب آکر ایسی حرکت کرے اس کا کیمرہ چھین کر پھینک دے یا تصویر اتارنے والے کو نقصان پہنچائے۔ لوگوںنے موقع کی وڈیو جاری کی ہے جسے آئی پانڈہ نامی ویب سائٹ پر دیکھا جارہا ہے۔ یہ تصویر جنوبی چین کے صوبے سیچوان میں پانڈہ کے افزائش نسل کے ایک مرکز میں اتاری گئی ہے۔

شیئر: