اردن میں عمارت گرنے سے مرنے والے 14 ہوگئے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ختم
اردن میں عمارت گرنے سے مرنے والے 14 ہوگئے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ختم
ہفتہ 17 ستمبر 2022 18:01
جس وقت عمارت منہدم ہوئی کم ازکم 25 افراد وہاں موجود تھے( فائل فوٹو روئٹرز)
اردن کے دارلحکومت عمان میں امدادی ٹیموں نے منہدم ہونے والی چار منزلہ رہائشی عمارت کے ملبے سے ایک خاتون کی نعش نکالی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اردن کی پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے ایک بیان میں جائے حادثے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن روکنے کا اعلان کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ’ امدادی ٹیموں نے سنیچر کی صبح ملبے سے جس خاتون کی نعش نکالی ہے وہ لاپتہ افراد کی فہرست میں آخری تھی۔ اب ملبے میں کسی کے دبے رہنے کی امید نہیں ہے‘۔
عمان کے اللویبدہ علاقے میں چار منزلہ بوسیدہ رہائشی عمارت جس وقت منہدم ہوئی کم ازکم 25 افراد وہاں موجود تھے۔
اردن میں محملہ شہری دفاع کے سربراہ نے بتایا کہ’ کم ازکم 350 امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور کنکریٹ بلاکس ہٹانے کے کام میں شریک تھے۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن 85 گھنٹے تک جاری رہا۔‘
اردنی وزیراعظم بشر الخصاونہ پہلے ہی بوسیدہ عمارت گرنے کی تحقیقات کا حکم دے چکے ہیں۔
عمان کے پراسیکیوٹر جنرل نے واقعہ کی تحقیقات کا آغازکیا ہے۔ رہائشی عمارت کے مالک کے ساتھ مینٹیننس اور ٹیکنیکل ٹھکیداروں کی نظربندی کا حکم دیا گیا ہے۔
عمارت کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ’عمارت کا مالک گراونڈ فلور پر تعمیراتی کام کر رہا تھا جس نے عمارت کے ڈھانچے کو کمزور کردیا تھا اور اپارٹمنٹس کی دیواروں پر دراڑیں نمودار ہونے لگی تھیں‘۔