قومی پرچم کی بے حرمتی پر ایک برس قید اور تین ہزار ریال جرمانے کی سزا ہے
قانون میں قومی پرچم اور ملکی علامتوں کی بے حرمتی کی سزا واضح ہے (فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں قانونی مشیر احمد المحیمید کا کہنا ہے کہ ’مملکت کے قانون میں قومی پرچم و علامتوں کی توہین و انہیں غلط انداز میں استعمال کرنے پر ایک برس قید اورتین ہزار ریال جرمانے کی سزا مقررہے‘۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’قانون کی شق 20 میں قومی پرچم اور ملکی علامتوں کی بے حرمتی کرنے کی سزا واضح کی گئی ہے‘۔
واضح رہے وزارت تجارت کی جانب سے اس حوالے سے تجارتی اشیا کی ترویج واشاعت کےلیے قومی پرچم اور ملکی علامتوں کے علاوہ کلمہ طیبہ تحریرکرنے کی ممانعت کے بارے میں واضح طور پراحکامات جاری کیے گئے ہیں۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے قومی دن یا اس کے علاوہ تجارتی اشیا پرمملکت کا پرچم یا سعودی عرب کے قومی نشانات استعمال کرنے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔