آٹزم سپیکٹرم میں مبتلا نوجوانوں میں اداکاری کی صلاحیتیں
آٹزم سپیکٹرم میں مبتلا نوجوانوں میں اداکاری کی صلاحیتیں
اتوار 18 ستمبر 2022 17:12
سعودی معاشرے میں بیداری اور آگہی بڑھانے کے لیے یہ پرفارمنس دکھائی گئی۔ فوٹو عرب نیوز
آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر ایک ایسی بیماری ہے جس میں اعصابی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور اس حالت میں مبتلا افراد کو معاشرتی طور پر دوسرے افراد سے گھلنے ملنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں آٹزم سپیکٹرم پر نوجوان نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس میں ریاض میں جمعہ سے اتوار تک ایک سٹیج ڈرامہ ' ہال 4 ' پیش کیا گیا۔
ڈرامے کا مقصد سماجی بیداری بڑھانا اور ایسے افراد کی حمایت ہے۔ فوٹو عرب نیوز
چیریٹیبل سوسائٹی آف آٹزم فیملیز کے تعاون سے یہ ڈرامہ تھیٹر پرفارمنگ آرٹس کمیشن کی شراکت میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے الریان کمپلیکس تھیٹرکی میزبانی میں دکھایا گیا۔
تقریب کا مقصد آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر میں ملوث مخصوص افراد کے ساتھ ان کے خاندانوں کی مدد کرنا شامل ہے۔
سعودی معاشرے میں بیداری اور آگہی بڑھانے کے لیے یہ پرفارمنس دکھائی گئی تاکہ آٹزم سپیکٹرم کا شکار افراد کو صحت مند اور فعال زندگی گزارنے کے قابل بنایا جا سکے۔
اس بیماری سے متاثرہ شخص مختلف دشواریاں کسی حد تک ظاہر کرتا ہے جب کہ ہر آٹسٹک فرد کی علامات مختلف ہوتی ہیں۔
پختہ یقین ہے کہ مناسب تربیت آٹزم افراد کے لیے ڈھال ثابت ہو گی۔ فوٹو عرب نیوز
اس موقع پر چیریٹیبل سوسائٹی آف آٹزم فیملیز کے چیئرمین شہزادہ سعود بن عبدالعزیز بن فرحان السعود نے بتایا کہ خاص طور پر ہمارا مقصد آٹزم ڈس آرڈر کی تشخیص کرنے والوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور ان کی مدد کرنا ہے۔
شہزادہ سعود نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ہمارے نوجوانوں نے اس ڈرامے میں کیسی دلچسپی کا اظہار کیا۔ مجھے اپنے باصلاحیت نوجوانوں کا ترقی کی جانب اس سفر پر بہت فخر ہے اور ان کے اہل خانہ کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
واضح رہے کہ 2009میں قائم ہونے والی سوسائٹی آف آٹزم فیملیز(ایس اے ایف) نے آٹزم کا شکار نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لیے بہت سے پروگرام کئے ہیں۔
اس سوسائٹی کے پروگراموں میں کفالہ اقدام، سوسائٹی کی کہانیاں، نفسیاتی رہنمائی، کھیل اور تفریح، رشت طائف، فیملیز کے لیے تربیتی پروگرام بھی شامل ہیں۔
شہزادہ سعود نے مزید کہا کہ ہم نے ایس اے ایف میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ساتھ مل کر متعدد پروگرام کئے ہیں جس کے نتیجے میں آٹسٹک افراد کو بہترین مواقع فراہم ہوئے ہیں۔
تقریب کا مقصد آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر افراد کی مدد کرنا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
وزارت ثقافت کے ساتھ اپنی شراکت داری پر بھی ہمیں فخر ہے جس کے باعث آٹسٹک نوجوانوں کو اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور دنیا کو دکھانے کے قابل بنایا۔
اب ہم دیگر تنظیموں کے ساتھ بہت سی دیرپا شراکت داری کے منتظر ہیں جو ہمارے معاشرے پر اچھے اثرات مرتب کریں گی۔
ہمارے بنیادی مقاصد کا ایک حصہ سماجی بیداری کو بڑھانا اور معاشرے میں ایسے افراد کی حمایت کرنا ہے۔
مستقبل کے ایجنڈے میں ہمارے بہت سے دیگر منصوبے ہیں اور ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ مناسب تربیت، آگہی، علم اور مسلسل تعاون کے ساتھ آٹزم میں مبتلا افراد کے لیے ڈھال ثابت ہوں گے جس کے باعث وہ صحت مند اور فعال زندگی گزار سکیں۔