Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں تجرباتی مدت کے دوران کفالت کی تبدیلی ممکن ہے؟

تجرباتی مدت میں مزید 3 ماہ کی توسیع کرانا ممکن ہوتا ہے (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے سپانسرز کے ذمے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھنے کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں کارکنوں کا اقامہ، ان کی سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا ودیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔
ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا’ تجرباتی مدت کے صرف 3 ماہ گزرے ہیں تاحال اقامہ جاری نہیں کرایا کیا اس صورت میں سپانسرشپ کمپنی سے نجی شعبے میں تبدیل کرائی جاسکتی ہے؟، 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’قانونی طور پرتجرباتی مدت کے دوران کفالت کی تبدیلی ممکن نہیں۔ کفالت کی تبدیلی اقامہ جاری کرانے کے بعد کی جاسکتی ہے‘۔ 
واضح رہے وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی جس کا سابقہ نام وزارت محنت تھا کے قانون کے مطابق مملکت آنے والے غیرملکی کارکن کے لیے چھ ماہ کی تجرباتی مدت مقرر کی جاتی ہے۔ 
تجرباتی مدت کے دوران فریقین کو یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ مقررہ مدت کا معاہدہ کریں یا اس مدت کے دوران معاہدے کومنسوخ کردیں۔ 
تجرباتی مدت میں مزید 3 ماہ کی توسیع کرانا ممکن ہوتا ہے تاہم مدت میں اضافے کے لیےآجر کے ذمہ ہوتا ہے کہ وہ کارکن سے باقاعدہ منظوری حاصل کرے۔ 
وزٹ ویزے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ اکاونٹنٹ کے طورپرمملکت میں خدمات انجام دے رہا ہوں۔ اس دوران میں نے اپنی اہلیہ کووزٹ ویزے پرمملکت بلایاہے معلوم یہ کرنا ہےکہ بعض وجوہ کی بنیاد پراہلیہ کو واپس نہیں بھیج سکتا۔ کیا یہاں رہتے ہوئے اہلیہ کے وزٹ ویزے پراقامہ میں تبدیل کیاجاسکتا ہے؟، 

قانونی طورپروزٹ ویزے پرمقیم غیرملکی کے ویزے کو اقامہ میں تبدیل کرنے کی کوئی شق نہیں ہے( فوٹو سبق)

سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ’ وزٹ ویزے پرآنے والے کے لیے لازمی کہ ہے مقررہ مدت ختم ہونے سے قبل یا تو وزٹ ویزے کی باقی مدت میں قانونی طورپرتوسیع کرائی جائے یا واپس اپنے ملک لوٹ جائیں‘۔ 
’قانونی طورپروزٹ ویزے پرمقیم غیرملکی کے ویزے کو اقامہ میں تبدیل کرنے کی کوئی شق نہیں‘۔  
واضح رہے سعودی عرب میں فیملی وزٹ ویزے دوطرح کے جاری کیے جاتے ہیں جن میں ملٹی پل انٹری جو کہ ایک برس کےلیے کارآمد ہوتا ہے جبکہ دوسرا سنگل انٹری ویزہ یہ چھ ماہ تک کارآمد ہوتا ہے تاہم ابتدائی تین ماہ بعد اس کی مدت میں ماہانہ بنیاد پرتوسیع کرائی جاتی ہے۔ 
خیال رہے وزارت داخلہ قانونی طورپرغیرملکیوں کے امور کی نگران ہے۔ اقاموں کے اجرا یا وزٹ ویزے کو اقامہ میں تبدیل کرانے کے اختیار صرف وزیرداخلہ کوہی حاصل ہے۔ 

شیئر: