Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان پر تنقید، جاوید لطیف اور پی ٹی وی انتظامیہ پر دہشت گردی کا مقدمہ 

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت پر ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف اور سرکاری ٹیلی ویژن چینل پی ٹی وی کی انتظامیہ پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا ہے۔
لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن کے تھانہ میں درج ایف آئی آر میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ لیگی رہنما نے عمران خان کے خلاف مذہبی منافرت پیدا کی جسے سرکاری ٹی وی نے براہ راست نشر کیا جس سے تحریک انصاف کے چئیرمین کی جان کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایف آئی آر ایک امام مسجد کی درخواست پر درج کی گئی ہے۔
تھانے میں درج مقدمے کے متن کے مطابق ’14 ستمبر کو درخواست گزار اپنے گھر بیٹھے ٹی وی دیکھ رہے تھے جب جاوید لطیف نے عمران خان کی مختلف تقاریر کو توڑمروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر اپنی مرضی کے مطلب نکال کر عمران خان کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دیا اور غیر مسلموں کا سہولت کار اور دائرہ اسلام سے خارج قرار دیا۔‘  
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاوید لطیف نے سیاسی مقاصد کے لیے مذہب کارڈ کا استعمال کیا۔ جس سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے اندر سخت غم غصہ پایا جاتا ہے اور ان کی دل آزاری ہوئی ہے۔
’سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایسے الفاظ استعمال کیے گئے جس کا مقصد عوام میں مذہبی انتشار اور منافرت پھیلانا اور ملک کے اندرونی حالات خراب کرنے کی سازش کرنا ہے۔‘ 
اس ایف آئی آر میں وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب ایم ڈی پی ٹی وی سہیل خان اور پروڈیوسر راشد بیگ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مریم اورنگ زیب اور پی ٹی وی پر بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کے مشورے سے یہ پریس کانفرنس کی گئی جبکہ پی ٹی وی انتظامیہ نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سرکاری وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اسے آن ایئر کیا۔ 
پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل ر محمد ہاشم ڈوگر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایف آئی آر کی کاپی شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’کسی بھی شہری بشمول عمران خان کو مذہبی  منافرت اور تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘  
ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11 اایکس تین لگائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر سرکاری افسران اور خاتون جج کو دھمکانے کے الزام میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کر رکھا ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں۔

شیئر: