Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشہور انڈین تامل اداکارہ دیپا فلیٹ میں مُردہ پائی گئیں

مبینہ طور پر خودکشی کے بارے میں اداکارہ کی ایک تحریر بھی ملی ہے (فوٹو: انسٹاگرام، دیپا)
انڈیا کے شہر چنائی میں ایک فلیٹ سے مشہور تامل اداکارہ پولائن جیسیکا کی لاش ملی ہے، جہاں وہ رہائش پذیر تھیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دیپا کے طور پر جانی جانے والی پولائن جیسیکا نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی تامل فلم ’ویدھ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ اس سے قبل بھی وہ متعدد فلموں کے علاوہ سیریلز میں بھی کام کر چکی ہیں۔
اداکارہ کے پڑوسی نے پولیس کو اطلاع دی تھی جس پر پولیس پہنچی اور فلیٹ کو کھولا تو اداکارہ کی لاش لٹکی ہوئی ملی، جس کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوایا گیا۔
بعدازاں دیپا کے رشتہ داروں کو اطلاع دی گئی اور میت ان کے حوالے کر دی گئی جو آبائی علاقے اندھرا پرادیش لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’ہم اداکارہ کی مبینہ خودکشی کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں اور ہر پہلو کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔‘
پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ واقعے سے قبل کون کون ان کے پاس آیا، واقعے سے ایک روز قبل اداکارہ آٹو رکشے کے ذریعے اپنے فلیٹ پر پہنچی تھیں۔
پولیس اس بات کا بھی سراغ لگا رہی ہے کہ آیا انہوں نے خود اپنی جان لی یا پھر کسی نے ان کو ایسا کرنے پر مجبور کیا۔
پولیس کے مطابق ’خودکشی کے حوالے سے ایک تحریر بھی ملی ہے جس میں اداکارہ نے کسی تعلق کی ناکامی کو جان لینے کی وجہ بتایا ہے۔‘
دوسری جانب اوڈیشہ ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پرڈائری سے ملنے والا نوٹ خود دیپا کے ہاتھ کا لکھا ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ زندہ نہیں رہنا چاہتیں۔
نوٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’وہ کسی کی محبت میں مبتلا ہو گئی تھیں جس نے ان کی محبت کو تسلیم نہیں کیا۔ اس لیے وہ اپنی زندگی ختم کرنے جا رہی ہیں۔‘
دیپا کے انتقال پر فلم انڈسٹری صدمے کی کیفیت میں ہے اور اس سے وابستہ افراد سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔

شیئر: