Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افتخار احمد پاکستان کے ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ کیوں؟

افتخار احمد 25 ٹی20 میچز کھیل کے 404 رنز بنا چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد اپنی کارکردگی کی وجہ سے اکثر کرکٹ مبصرین اور شائقین کی تنقید کی زد میں رہتے ہیں اور لوگ اکثر سوال کرتے ہیں کہ انہیں ٹیم میں شامل کرنے کی وجوہات کیا ہیں؟
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پیدا ہونے والے افتخار احمد نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے آغاز سنہ 2015 میں انگلینڈ کے خلاف ابو ظہبی میں ہونے والے ون ڈے میچ سے کیا تھا۔
وہ لمبی شاٹس مارنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں اسی وجہ سے گزشتہ سات سالوں میں پاکستان ٹیم میں کہیں نہ کہیں شامل رہے ہیں۔
افتخار احمد تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈیٹرز اور پشاور زلمی کے لیے کھیل چکے ہیں۔
افتخار احمد نے اپنے کیریئر میں اب تک چار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 61 رنز بنائے ہیں۔
اسی طرح انہوں نے 10 ون ڈے میچز میں کھیلے ہیں جس میں 124 رنز بنائے ہیں جبکہ 25 ٹی20 میچز کھیل کے 404 رنز بنا چکے ہیں۔
افتخار احمد کو ٹی20 سپیشلسٹ مانا جاتا ہے اور اسی وجہ سے وہ ایشیا کپ میں ناقص پرفارمنس کے باوجود اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے گرین شرٹس کے سکواڈ کا حصہ ہیں۔
ان کے کیریئر کی سب سے یادگار اننگز بھی سنہ 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف کینبرا میں ہونے والے ٹی20 میچ میں سامنے آئی تھی جہاں انہوں نے 34 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے تھے۔
مداح ان کی سنہ 2021 کے پی ایس ایل میں اسلام یونائیٹڈ کی جانب سے 39 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کو بھی یاد کرتے ہیں۔

افتخار احمد نے اپنے کیریئر میں اب تک چار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

افتخار احمد ڈومیسٹک کرکٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کی کپتانی میں خیبر پختونخوا نے 2021 میں ہونے والا نیشنل ٹی20 کپ بھی اپنے نام کیا تھا۔
افتخار احمد کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ مداحوں کی جانب سے بھی اکثر بات کی جاتی ہے۔
اویناش اریان کہتے ہیں کہ ’آسٹریلوی سرزمین پر 40 کھلاڑیوں نے ٹی20 میں کم سے کم 100 رنز بنائے ہیں جبکہ افتخار احمد واحد بیٹر ہیں جن کی اوسط 100 سے زیادہ ہے جبکہ 150 کا سٹرائیک ریٹ ہے۔‘

منگل کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی20 میچ میں افتخار احمد نے تین چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 28 رنز بنائے تھے جس پر بلال خان نے لکھا کہ ’افتخار احمد ایک اہم کیمیو کے ساتھ، 17 گیندوں پر 28 رنز، سٹرائیک ریٹ 160 سے زائد کا ہے، اگر انھیں ایک باقاعدہ رول دیا جائے تو یہ کر سکتے ہیں۔‘

 

شیئر: