رانا ثنا اللہ وعدہ ہے تم اسلام آباد میں چُھپ نہیں سکو گے: عمران خان
رانا ثنا اللہ وعدہ ہے تم اسلام آباد میں چُھپ نہیں سکو گے: عمران خان
جمعرات 22 ستمبر 2022 17:01
عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو لانگ مارچ کی مکمل تیاری نہیں تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’وہ حکومت کے خلاف تحریک کی کال تب دیں گے جب پارٹی کی تمام تنظیمیں تیار ہوں گی۔‘
جمعرات کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’وہ سنیچر کو اسلام آباد کی تنظیم سازی چیک کریں گے کہ کتنے لوگوں کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوئی، اور تب حقیقی آزادی کی کال دینے کا فیصلہ کریں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’اس مرتبہ وہ پوری تیاری کے ساتھ آئیں گے اور اس کا فیصلہ وہ تب کریں گے جب وہ سمجھیں گے کہ پارٹی کی تمام تنظیمیں پوری طرح تیار ہیں۔‘
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’رانا ثنا اللہ میرا وعدہ ہے اسلام آباد میں تم چھپ نہیں سکو گے۔‘
عمران خان نے 25 مئی کو ہونے والی لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اُس وقت پارٹی کی تیاری نہیں تھی لیکن اب وہ مکمل تیاری کے ساتھ آئیں گے۔‘
’پچیس مئی کو ہماری تیاری نہیں تھی ایک پر امن احتجاج میں ہم جا رہے تھے اور تم نے ہم پر ظلم کیا۔ ہماری خواتین، بچوں اور فیملیز پر شیلنگ کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لیکن اب آپ کو فکر کرنی چاہیے کہ ہم پوری تیاری سے آئیں گے۔‘
اس سے قبل جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’لانگ مارچ روکنے کے لیے صوبوں سے پولیس فورس مانگی ہے، اگر انکار کیا گیا تو آئین کے تحت کارروائی ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خان صاحب نے تیاری پکڑنی ہے لیکن ہم مکمل تیار ہیں۔ اسلام آباد کا ریڈ زون کو احتیاط برتتے ہوئے سیل کیا گیا تھا جو آج سے کھول رہے ہیں۔‘
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’جب عمران خان آنے کا ارادہ ظاہر کریں گے تو ریڈ زون کو دوبارہ سیل کر دیں گے۔‘
تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے کے شرکا کو کنٹرول کرنے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ’مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں برسانے کے لیے جدید طریقہ اختیار کیا جائے گا اور ڈرون کے استعمال پر بھی غور کیا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ روز بدھ کو عمران خان نے لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب میں کہا تھا کہ ’میں سنیچر کو حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کرنے جا رہا ہوں۔ آپ لوگ تیار رہیں اور کال کا انتظار کریں۔‘
عمران خان کا حکومت مخالف تحریک کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے اس تنبیہہ کے چند گھنٹوں کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’اگر کسی صوبے نے وفاق پر چڑھائی کی غرض سے لانگ مارچ کی حمایت کی تو اس کے نتائج ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’جو صوبے اس قسم کے لانگ مارچ کی حمایت کریں گے جس کا مقصد پاکستان کے دارالحکومت پر چڑھائی ہو۔ وہ صوبے پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔‘