Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریٹائرمنٹ کے 10 برس بعد بھی روایتی چھکا، ’تندولکر نے مجھے جوان بنا دیا‘

روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں سچن تندولکر نے تین میچز میں اب تک 75 رنز بنائے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم اور دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹر سچن تندولکر ریٹائرمنٹ کے تقریباً 10 سال بعد بھی اپنی بیٹنگ کے لیے خبروں میں ہیں اور اُن کے مداح لٹل ماسٹر کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سچن تندولکر آج بھی اپنے عروج کی طرح چھکے مار سکتے ہیں۔
سچن تندولکر حالیہ دنوں میں روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز نامی نجی ٹی 20 لیگ کھیل رہے ہیں جس میں ان کے ساتھ دنیا بھر کے معروف ریٹائرڈ کرکٹرز بھی میدان میں ہیں۔
سچن تندولکر نے انڈیا لیجنڈز کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلینڈ لیجنڈر کے خلاف 20 گیندوں پر 40 رنز بنائے جس میں 3 چھکے بھی شامل تھے۔
بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ پر جب سچن نے قدموں کا استعمال کرتے ہوئے سابق انگلش کرکٹر کرس ٹریملیٹ کو چھکا لگایا تو کرکٹ مداحوں کو 90 کی دہائی یاد آگئی جب سچن تندولکر صف اول کے بولرز کو کریز سے باہر نکل کر سیدھے چھکے مارتے تھے۔
روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں سچن تندولکر نے تین میچز میں اب تک 75 رنز بنائے ہیں۔
سچن تندولکر کے ٹریڈ مارک چھکے پر ٹوئٹر پر مداحوں کی جانب سے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
صحافی ادتیہ بھٹاچاریا کہتے ہیں کہ 'ڈیئر ٹیم انڈیا، وراٹ کوہلی کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے دیں کیونکہ اگر ٹی20 ورلڈ کپ میں آپ کو بیک اپ اوپنر کی ضرورت پڑی تو ایک بندہ دہرادون میں ابھی بیٹنگ کر رہا ہے، اب بھی وہ تیز گیند بازوں کو باہر نکل کر چھکے مار رہا ہے۔'
سنیل کِرش نے ٹوئٹر پر تبصرہ کیا کہ ’جذباتی، سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کہوں، مجھے آج اس نے 24 سال پہلے کا جوان بنا دیا، یہ لٹل مین ذہین ہے۔‘
موفدل ووہرا نے لکھا کہ 'سچن تندولکر نے کیا باری کھیلی ہے، 20 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز، ماسٹر اب بھی اپنے بہترین انداز میں ہیں، شاندار لیجنڈ۔‘
خیال رہے کہ روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز انڈیا میں ٹریفک اور سڑک پر پار کرنے کے بارے میں آگاہی کے لیے نجی ٹی20 لیگ ہے جس میں انڈیا کے علاوہ آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے ریٹائرڈ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

شیئر: