Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سانس تو لینے دے‘، تیسرے ٹی20 میچ میں مارک وڈ اور شان مسعود چھاگئے

شان مسعود نے 40 گیندوں پر 65 رنز سکور کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ناکام رہی اور انگلینڈ یہ میچ 63 رنز سے جیت گیا۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہر پاکستان کو پہاڑ جیسا 222 رنز کا ہدف دیا۔ اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز میں صرف 158 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین چار اوورز میں 36، محمد نواز نے چار اوورز میں 34، شاہنواز دھانی نے چار اوورز میں 62، حارث رؤف نے چار اوورز میں 39 اور عثمان قادر نے چار اوور میں 48 رنز دیے۔
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے 70 اور ہیری بروک نے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کے 222 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن شروع سے ہی لڑکھڑاتی دکھائی دی اور شان مسعود کے علاوہ کوئی بیٹر اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ شان مسعود نے 40 گیندوں پر 65 رنز سکور کیے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی شان مسعود کی بیٹنگ سے کافی متاثر نظر آئے اور ان کی تعریفیں کرتے رہے۔
حیدر عباسی نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’اگر آپ شان مسعود کو بحیثیت اوپنر کھلاتے ہیں تو وہ ایک سال کے اندر رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائیں گے۔‘
کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے ساج صادق نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ شان مسعود نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ ٹی20 میچوں میں بابر اعظم اور محمد رضوان کا ساتھ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
آج کے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے مارک وڈ نے اس سیریز کا پہلا میچ کھیلا اور اپنی برق رفتار بولنگ کی وجہ سے مرکز نگاہ بنے رہے۔
لمبی انجری کے بعد بھی انہوں نے آج ایک گیند 156 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کی جسے دیکھ کر لوگ حیرانی کا شکار نظر آئے۔
امین علی نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’یہ بندہ ٹی 20 ورلڈکپ میں تیز ترین گیندیں کرے گا۔‘
للت بھنڈاری نے مارک وڈ کو سراہتے ہوئے پاکستانی بیٹرز سے منسوب کرکے ایک مزاحیہ میم شیئر کی جس پر لکھا تھا ’سانس تو لینے دے بے۔‘
مارک وڈ نے میچ میں چار اوورز کیے اور 24 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شیئر: