Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بابر چاہیں تو عاقب جاوید کے بیان پر پہیہ جام ہڑتال کی کال بھی دے سکتے ہیں‘

پاکستان نے دوسرے ٹی20 میچ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے جمعرات کو دوسرے ٹی20 میچ میں انگلینڈ کے خلاف 200 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا اور 10 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی۔
پاکستان کی اس جیت نے جہاں گذشتہ شکستوں کے داغ دھو دیے وہیں سوشل میڈیا صارفین نے میچ میں سینچری سکور کرنے والے بابر اعظم اور ان کا ساتھ دینے والے محمد رضوان پر داد و تحسین کی بارش کردی۔
کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 110 اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 88 رنز بنائے تھے۔
دونوں اوپنرز کی شاندار بیٹنگ پر ان کے نام تو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر ہی رہے تھے لیکن ایک سابق کھلاڑی بھی ہیں جن کا نام ٹوئٹر پر آج بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندر کے کوچ عاقب جاوید نے بابر اعظم اور محمد رضوان پر کچھ دنوں پہلے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر دونوں بیٹرز اوپننگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو پاکستانی ٹی20 میچوں میں 150 سے زیادہ کا ہدف کبھی تعاقب نہیں کرپائے گا۔
لیکن بابر اعظم اور محمد رضوان نے گذشتہ رات 200 رنز کا ہدف حاصل کرکے عاقب جاوید کے اندازے کو غلط ثابت کردیا اور اس کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی پاکستان کے سابق فاسٹ بولر پر تنقید کررہے ہیں۔
اسامہ نامی صارف نے 200 سے زائد رنز کے ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم کی تین اننگز کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ’کسی کو کبھی عاقب جاوید کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔‘
اریحہ فاطمہ نے لکھا ’کراچی کی سڑکوں پر ہر کوئی بابر کی سینچری کے حوالے سے بات کررہا ہے۔ جو عوام میں ان کی طاقت ہے وہ چاہیں تو عاقب جاوید کے بیان پر پہیہ جام ہڑتال کی کال بھی دے سکتے ہیں۔‘
مسکان نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید پر طنز کرتے ہوئے لکھا ’عاقب جاوید بابر اعظم پر تنقید کرنے کا شکریہ۔‘
جب معاملہ ہو کرکٹ کا اور صارفین کو موقع ملے تو وہ فوراً میمز کا استعمال کرکے خود بھی لطف اندوز ہوتے ہیں اور دیگر لوگوں کو بھی ہنسنے کا بھرپور موقع دیتے ہیں۔
ایک صارف نے انڈین فلم گینگ آف واسع پور کی میم شیر کی جس پر عاقب جاوید سے منسوب کرکے لکھا تھا ’اب انڈر گراؤنڈ ہونے کا وقت آگیا ہے۔‘
رواں ہفتے ایک پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے بابر اعظم سے عاقب جاوید کے بیان کے حوالے سے ایک سوال کیا تھا جس پر پاکستان کے سابق کپتان نے جواب دیا تھا کہ ’ہر کسی کی اپنی رائے ہوتی ہے اور نہ ہم ان کی سنتے ہیں کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم پر بات چیت ہونی چاہیے لیکن پرسنل حملوں سے سب کو گریز کرنا چاہیے۔
خیال رہے رواں مہینے پاکستان ایشیا کپ میں سری لنکا سے فائنل میں ہارا تھا اور اس کے بعد ٹیم کے بیٹرز کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دیگر بیٹرز کی طرح کپتان بابر اعظم بھی ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے اور چھ میچوں میں صرف 68 رنز بناسکے تھے۔

شیئر: