کراچی میں غیرملکی وی لاگر کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار
ترکش وی لاگر نے ملزم کی گرفتاری پر سندھ پولیس کا شکریہ ادا کیا (فوٹو:سیدا نور انسٹاگرام)ٌ
کراچی میں ترکیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون وی لاگر کا پیچھا کر کے انہیں ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کراچی کے ضلع جنوبی کے مشہور و مصروف علاقے صدر میں ترکش وی لاگر سیدا نور خاتون اپنی ویڈیوز بنا رہی تھیں کہ ایک شخص ان پیچھا کرنے لگا۔
خاتون کی بنائی گئی ویڈیوز میں وہ نوجوان نظر آیا جس کے بعد خاتون وی لاگر نے ایک اور ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے مذکورہ شخص کی جانب سے ہراساں کرنے کے بارے میں بتایا۔
پولیس کے مطابق خاتون کی جانب سے ویڈیو جاری کرنے کے بعد کے علاقے خداداد کالونی سے شعیب نامی نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔
نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اس کا ارادہ خاتون کو ہراساں کرنے کا نہیں تھا۔ ’وی لاگر خاتون بہنوں کی جگہ ہیں، میں ان کے پیچھے پیچھے وقت گزاری کے لیے چل رہا تھا۔ میں اپنے کیے پر شرمندہ ہوں اور خاتون سے معافی چاہتا ہوں۔‘
ترکش وی لاگر نے سوشل میڈیا پر ملزم کی گرفتاری پر سندھ پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس قبل بھی کراچی کے ساحل پر غیر ملکی باشندوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں دو افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جنہیں گرفتاری کے بعد غیر ملکی شہری کے معاف کرنے پر رہا کردیا گیا تھا۔