Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں انتظامی عہدوں پر خواتین کی شرح 39 فیصد ہوگئی 

  لیبر مارکیٹ میں خواتین کا حصہ 32.9 فیصد تک پہنچ چکا ہے( فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہببود کے ماتحت ’قومی تبدیلی پروگرام‘ نے کہا ہے کہ سعودی لیبر مارکیٹ میں خواتین  کا حصہ 32.9 فیصد اور انتظامی عہدوں میں خواتین کی شرح 39 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کی خاطر لیبر مارکیٹ کے مختلف شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں انہیں اپنا کردارادا کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ 
حالیہ برسوں کے دوران 15 سال سے زیادہ عمر کی سعودی خواتین سال رواں 2022 کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک اقتصادی سرگرمیوں میں 33.6 فیصد ہوگئی ہیں۔  لیبر مارکیٹ میں ان کا حصہ 32.9 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
2021 کے آخر تک انتظامی عہدوں میں ان کی شرح 39 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ 
قومی تبدیلی پروگرام نے مختلف سکیمیں متعارف کراکر معاشرے کے تمام طبقوں کو لیبر مارکیٹ کاحصہ بنایا اور ان کی تعداد میں اضافہ کرایا ہے۔
قومی تبدیلی پروگرام نے معذوروں کی نگہداشت کرنے والا ادارہ ، مناسب پروگرام کے اجرا اور معاون پلیٹ فارم کے قیام جیسے اہم اقدامات کے ذریعے یہ اہداف پورے کیے۔
سرکاری اداروں نے معذوروں  کے لیے سرکاری اداروں کو متحرک کیا۔ ان کے حقوق دلانے کی طرف توجہ مبذول کرائی اور باوقار زندگی کو یقینی بنانے والا ادارہ تشکیل دیا ہے۔
محکمہ اوقاف نے آن لائن ’وقفی‘  پلیٹ فارم کا اجرا کیا۔ اس کا مقصد ترقیاتی وقف منصوبوں کی فنڈنگ میں معاشرے کو شریک کرنا اور بغیر منافع والے سیکٹر کے لیے پائدار مالیاتی بجٹ مہیا کرنا ہے۔ وقفی پلیٹ فارم پر معاشرے کے مختلف زمروں کی ترقیای ترجیحات اور ضروریات کی تکمیل کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ 
2022 کی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر سعودی عرب میں غیرمنافع بخش تنظیموں کی تعداد 3436 تک پہہنچ گئی ہے۔
2017 کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں شرح نمو 110.5 فیصد زیادہ ہے۔ 

شیئر: