Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام تعلیمی اداروں میں تصاویر کھینچنے پر عمومی پابندی

’وزارت تعلیم نے اجازت کے بغیر تمام سکولوں میں فوٹوگرافی پر عمومی پابندی عائد کی ہے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت تعلیم نے سکولوں کے طلبہ اور اساتذہ کی نجی زندگی کا احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے اجازت کے بغیر تصویرکھینچنےسے منع کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تمام سکولوں میں تصاویر کھینچنے کے ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے جو آج سے نافذ العمل ہوں گے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’شاہی فرمان اور سعودی کابینہ کے متعلقہ سابقہ فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے وزارت تعلیم نے اجازت کے بغیر تمام سکولوں میں فوٹوگرافی پر عمومی پابندی عائد کی ہے‘۔
’طلبہ اور طالبات کے علاوہ سکولوں کی عمارت کے اندر تصاویر کھینچنے کے لیے انتظامیہ سے تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے‘۔
’علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کی تصاویر کھینچنے کے لیے ان کے والدین سے پیشگی تحریری اجازت نامہ لینا ہوگا‘
’یہ پابندی تمام تعلیمی مراحل کے طلبہ و طالبات کے لیے ہے کہ تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے والدین سے اجازت لینا ہوگی کہ سکول کی مختلف ایکٹیویٹی میں ان کے بچوں کی تصویر کھینچنے کی اجازت ہے یا نہیں‘۔
’یہ ضابطہ ابتدائی مرحلے کے طلبہ و طالبات کے لیے نیز اسکول کی عمارت کے اندر تک محدود ہے‘۔

’تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے والدین سے اجازت لینا ہوگی کہ ان کے بچوں کی تصویر شیئر کی جائیں یا نہیں‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

وزارت نے کہا ہے کہ ’مڈل اور ہائی سکول کے طلبہ و طالبات کی تصاویر کھینچنا اور انہیں سوشل میڈیا کے کسی بھی ذریعہ پر شیئر کرنا قطعی منع ہے‘۔
’البتہ اس بات کی اجازت ہے کہ مختلف ایکٹیویٹیز میں طلبہ کے بنائے گئے ماڈل اور ڈیزائن  یا دیگر ایکٹیویٹیز کی تصاویر انتظامیہ کی اجازت سے شیئر جائیں تاہم تصاویر کھینچنے کی ذمہ داری لینے والے شخص کو انتظامیہ سے تحریری اجازت لینا ہوگی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تمام سکولوں میں نمایاں بورڈ نصب کئے جائیں جن میں تصویر کھینچنے سے منع کرنے کی ہدایت ہو‘۔
’ادارہ تعلیم سے اجازت لئے بغیر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو سکول کے اندر کیمرہ استعمال کرنے کی قطعی اجازت نہیں‘۔
’یہ اجازت نامہ وزارت اطلاعات سے اجازت یافتہ میڈیا نمائندوں یا وزارت تعلیم سے اجازت یافتہ تعلیم و تر بیت کے اداروں کی نمائندوں کو دیا جائے گا‘۔
وزارت نے تاکید کی ہے کہ درج بالا ضابطوں کی پابندی سکول انتظامیہ پر لازمی ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر وزارت کو تحریری طور پر مطلع کرنا بھی اسی کی ذمہ داری ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’سال کے اختتام پر ہونے والی تقریبات اور نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ کی فوٹوگرافی سکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا اہتمام ضابطوں کی پاسداری کرتے ہوئے کرے‘۔

شیئر: