پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں دو ہفتے بعد نمایاں کمی
پیر 26 ستمبر 2022 9:00
زین علی -اردو نیوز، کراچی
امریکی ڈالر کی قیمت 239 روپے سے کم ہو کر 237 ہو گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کی جانب سے اسحاق ڈار کی بطور نئے وزیر خزانہ نامزدگی کی اطلاعات کے بعد پاکستان میں روپے کی قدر میں بہتری رپورٹ کی جا رہی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو انٹر بینک میں روپے کی قدر میں اڑھائی روپے سے زائد کی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
کاروبار کے آغاز میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 239 روپے سے کم ہو کر 237 ہو گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری دو روز میں بھی روپے کی قدر خاص کمی نہیں ہوئی تھی اور آج صبح سے روپے میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر 237 روپے 19 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
’اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے کی خبروں کا بھی اثر ہے‘
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں گزشتہ ہفتے سے استحکام نظر آیا ہے، جبکہ ہفتے کے آخری دو روز میں بھی روپے کی قدر میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی تھی۔
انہوں نے ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے روپے کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں لیکن ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ملک بوستان کے مطابق ’سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے کی خبروں کا بھی اثر ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے۔ ماضی میں بھی دیکھا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے اپنے دور میں ڈالر کو مستحکم رکھنے کے لیے کام کیا تھا۔‘
’اب ان کی واپسی کی خبروں کے بعد ایک بار پھر سے مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت دیکھی جا رہی ہے۔ جن لوگوں نے ڈالر ہولڈ کیا تھا انہیں ڈر ہے کہ اگر قیمت نیچے آئی تو نقصان ہو گا۔‘