ریاض میں جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے والا گروہ گرفتار
’ملوث افراد کی نگرانی کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ جعلی نوٹ مارکیٹ میں پھیلا رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض پولیس نے جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ گروہ نے ریاض میں ایک اپارٹمنٹ کو جعلسازی کا ٹھکانہ بنا رکھا تھا۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’خفیہ اطلاع ملنے پر مذکورہ ٹھکانے کی نگرانی کی گئی اور یقین ہو گیا کہ یہاں کوئی غیر قانونی کام ہو رہا ہے۔‘
’ملوث افراد کی کڑی نگرانی کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ جعلی نوٹ مارکیٹ میں پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’متعدد سرکاری اداروں کے اشتراک سے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے متعدد جعلی نوٹ اور جعلسازی کے لیے استعمال کی جانے والی اشیا برآمد ہوئیں۔‘
’نوٹوں کی جعلسازی میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ مذکورہ افراد سعودی شہری ہیں۔ ان سے تفتیش جاری ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوٹر کے حوالے کردیا جائے گا۔‘