مملکت میں پہلی وومن سائیکلنگ ریس 14 اکتوبر سے
خواتین کے سائیکلنگ مقابلے سات مراحل میں ہوں گے۔ (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب نے پہلی وومن سائیکلنگ ریس کا اعلان کیا ہے۔ یہ ریس رواں برس 14 اکتوبر کو ہو گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی آرگنائزیشن کے ماتحت لیڈیز کمیٹی کی چیئرپرسن شہزادی مشاعل بنت فیصل نے کہا ہے کہ ’یہ اعلان کہ مملکت میں خواتین کے درمیان سائیکلنگ کی پہلی ریس منعقد ہونے جا رہی ہے ایسا تاریخی لمحہ ہے جسے برسوں یاد رکھا جائے گا۔‘
سائیکلنگ کی سعودی آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ ’خواتین کے سائیکلنگ مقابلے سات مراحل میں ہوں گے۔ مقابلے کا کل فاصلہ 625 کلومیٹر ہو گا۔ یہ مملکت کے سات مختلف علاقوں میں منعقد ہوں گے۔‘
شہزادی مشاعل بنت فیصل نے بتایا کہ ’یہ اعلان خواتین کے درمیان سائیکلنگ سپورٹس کی تاریخ کا اہم لمحہ ہے۔ یہ ہماری لیڈیز کمیٹی کا اہم ہدف رہا ہے۔‘
شہزادی مشاعل نے بتایا کہ ’ٹیکنیکل کمیٹی نے پروگرام کے حوالےسے تمام قوانین و ضوابط تیار کر لیے ہیں۔ کمیٹیاں انہیں نافذ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔‘
شہزادی مشاعل نے کہا کہ ’سپورٹس وزیر اور سعودی اولمپک کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں۔ ان کی لامحدود مدد ہمیں حاصل ہے۔ سائیکلنگ کی سعودی آرگنائزیشن کے چیئرمین عبداللہ الوثلان کا شکریہ بھی ضروری ہے جن کی بدولت یہ کامیابی ملی اور وہ ہمارے اس مشن میں برابر حصہ لیتے رہے ہیں۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں