شاہ سلمان مرکز کیجانب سے ’کے پی کے‘ میں امدادی مہم
جمعرات 29 ستمبر 2022 19:07
سوات اورنوشہرہ میں 938 فوڈ باسکیٹس تقسیم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے پاکستانی سیلاب زدگان میں امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے خیبر پختونخواہ میں نوشہرہ اور سوات کے شہریوں میں 938 فوڈ باسکٹس تقسیم کیں جن سے 6566 افراد کو فائدہ ہوا۔
سعودی عرب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستان کے مختلف علاقوں، شہروں، قصبوں اور بستیوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستانی بھائیوں کی خاطر امدادی مہم چلائے ہوئے ہے۔
دوسری جانب خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر سوڈانی سیلاب زدگان کی مدد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جہاں متعدد شہروں اور صوبوں میں سیلاب اور موسلا دھار بارشوں سے ہزاروں سوڈانی بے حد متاثر ہوئے ہیں۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز کی سپیشل ٹیم نے حضرموت کے سیئون جنرل ہسپتال کے سائبان تلے ہڈیوں کے آپریشن کا خصوصی اہتمام کیا۔ اس مقصد کے لیے رضاکارانہ میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا تھا جس نے 21 سے 28 ستمبر تک یمنی بھائیوں کے ہڈیوں کے آپریشن کیے۔ 1023 افراد کا طبی معائنہ کیا گیا جبکہ 41 آپریشن ہوئے جو کامیاب رہے۔
شاہ سلمان مرکز نے لبنان کے البقاع الغربی علاقے میں 314 فوڈ باسکٹس تقسیم کرائیں۔