Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب IAEA کی گورنرز کونسل کا رکن منتخب

سعودی عرب  2024 تک گورنرز کونسل کا رکن منتخب ہوگیا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے سعودی عرب کو  2024 تک گورنرز کونسل کا رکن منتخب کرلیا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی IAEA کی جنرل اسمبلی کا جمعرات کو ویانا میں اجلاس ہوا۔ جس میں گورنرز کونسل کی رکنیت کا انتخاب عمل میں آیا۔ مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا کے گروپ کی طرف سے رکن ممالک کی بھاری اکثریت نے سعودی عرب کو رکن بنانے کے لیے ووٹ دیے۔ 
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی گورنرز کونسل  35 ممبران پر مشتمل ہوتی ہے۔ یہ ایجنسی کے اہم فیصلے کرتی ہے۔ خصوصا حساس مسائل کی بابت اس کے فیصلے بے حد اہمیت رکھتے ہیں۔ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے  فریق ممالک کے یہاں ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کی تحقیقات کے حوالے  سے گورنرز کونسل کی بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔ یہی کونسل ایجنسی کے مالیاتی گوشواروں کا جائزہ لیتی ہے اور اس کے  پروگرام اور بجٹ کا جائزہ لے کر جنرل اسمبلی میں سفارشات پیش کرتی ہے۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب 2019 سے 2021 تک گورنرز کونسل کا رکن رہا ہے۔ ایک بار پھر سعودی عرب کا انتخاب اس بات کا پتہ دے رہا ہے کہ عالمی برادری امن و سلامتی  کے حوالے سے سعودی عرب کی متوازن پالیسی اور موثر تعمیری کردار کو اعتماد کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔ 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: