Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں زائرین کی رہنمائی کے لیے متعدد ڈیجیٹل انشیٹو

زائرین کے سوالات کے جواب سمارٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے دیے جائیں گے(فوٹو ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے زائرین کی رہنمائی کے لیے متعدد ڈیجیٹل انشیٹو متعارف کرائے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام آنے والے زائرین کے سوالات کے جواب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سمارٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے دیے جائیں گے۔
سمارٹ روبوٹ زائرین کے سوالات کے جواب کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ ممتاز علما سوالات کے جواب دیں گے جبکہ مختلف زبانوں میں زائرین کے سوالات ترجمے کے ساتھ علما کے سامنے رکھے جائیں گے اور ان کی جانب سے جوابات زائرین کی اپنی زبان میں فراہم ہوں گے۔ یہ سروس چوبیس گھنٹے فراہم ہوگی۔ 
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے اسلامی فقہ کے ماہر تیار کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔ اس کے تحت مسجد الحرام میں صدیوں سے اسلامی علوم اور اسلامی فقہ کی تعلیم پانے والے طلبہ کو بزرگ علما کے فقہی طور طریقے سمجھائے جائیں گے۔ 
حج اورعمرے پر آنے والوں کو مختلف زبانوں میں بزرگ علما کے فقہی فتوؤں تک رسائی دی جائے گی۔ القرآن الکریم مسابقے کا اہتمام کیا جائے گا۔ السنہ نبویہ کے پروگرام سے استفادے کا موقع مہیا ہوگا۔ ڈیجیٹل لائبریری تمام سہولتوں کے ساتھ الیکٹرانک سسٹم کے تحت ہو گی۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے کہا کہ’ ہماری بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کا پیغام دنیا بھر کے انسانوں تک پہنچایا جائے۔ اس سلسلے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے‘۔
علاوہ ازیں حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام میں معمر زائرین کی دیکھ بھال کے لیے ’توقیر’ انیشیٹو کا بھی آغاز کیا ہے۔

شیئر: