جاپان کا خام تیل کی مستحکم فراہمی کے لیے سعودیہ اور دیگر عرب ممالک پر انحصار
جاپانی وزیر برائے اقتصادیات نے سعودی آرامکو کے ایگزیکٹیو سے ملاقات کی ہے( فوٹو عرب نیوز)
جاپان کے وزیر برائے اقتصادیات، تجارت اور صنعت نشیمورا یاسوتوشی نے سعودی عرب اور دیگرعرب ممالک سے تیل کی مستحکم فراہمی کی ضمانت دینے کی درخواست کی ہے۔
عرب نیوز جاپان کے مطابق نشیمورا نے بتایا کہ انہوں نے آرامکو کے ایگزیکٹوز سے ملاقات کی ہے اور سعودی عرب کے وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان سے بات چیت کی تجویز پیش کی ہے۔
انہوں نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے صنعت اور جدید ٹیکنالوجی کے وزیر سلطان الجابر اور ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کے سی ای او کے ساتھ ساتھ عمان کے توانائی اور معدنیات کے وزیر طلال العوفی سے بھی ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز جاپان کے ایک سوال کے جواب میں نشیمورا نے کہا کہ ’میں نے تیل اور ایل این جی کی مستحکم فراہمی کی درخواست کی۔ مجھے جواب ملا کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔‘
واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے عائد پابندیوں کی وجہ سے ایران اور روس سے درآمدات کی عدم موجودگی میں جاپان کی 90 فیصد سے زیادہ سپلائی اب عرب ذرائع سے آتی ہے۔
نشیمورا نے کہا کہ ’جاپان، جس کے پاس وسائل کی کمی ہے، کے لیے خام تیل کی مستحکم سپلائی کو فروغ دینا اہم ہے۔ یہ درست ہے کہ روس سے تیل کی درآمد بند ہو گئی ہے اور مشرق وسطیٰ پر انحصار بڑھ رہا ہے۔ ہم مارکیٹ کے نقطہ نظر سے خام تیل کے مخصوص ذرائع پر فیصلے کر رہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جاپان نے اگست میں اپنے 95 فیصد تیل کے لیے مشرق وسطیٰ پر انحصار کیا اور جولائی میں 98 فیصد، اس لیے ہم اس خطے کو توانائی کے تحفظ اور خام تیل کی مستحکم فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہم تسلیم کرتے ہیں۔‘
جاپان مشرق وسطیٰ کے ساتھ اپنے توانائی کے کاروبار کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ صاف توانائی کے ساتھ ساتھ تیل اورگیس کو بھی شامل کیا جا سکے۔