Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی 18 برس سے زیادہ بچوں کا علیحدہ اقامہ کیسے بنوائیں؟

بچوں کے علیحدہ اقامے کے عمل کوعربی میں ’فصل تابع‘ کہا جاتا ہے ( فائل فوٹو ایس پی اے)
 سعودی عرب میں امیگریشن قوانین واضح ہیں۔ غیر ملکیوں کے رہائشی کارڈ ’اقامہ ‘ اور ایگزٹ ری انٹری ’خروج وعودہ‘ یا فائنل ایگزٹ جسے عربی میں ’خروج نہائی‘ کہا جاتا ہے کا ذمہ دار ادارہ جوازات ہے۔
 جوازات کے قانون کے مطابق فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی کی کوئی فیس نہیں ہوتی جبکہ ایگزٹ ری انٹری کی فیس مقرر ہے جو کہ ماہانہ حساب سے وصول کی جاتی ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے استفسار کیا کہ ’بیٹی کی عمر 18 برس ہوگئی ہے۔ اس صورت میں اس کا اقامہ جدا کرانا ہے، اس کی فیس مختلف بتائی جارہی ہے، درست کیا ہے؟ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’غیرملکیوں کے بچے جب تک 18 برس سے کم ہوتے ہیں ان کا اقامہ والد کے ساتھ ہوتا ہے جب وہ 18 برس کے ہوجائیں تو لازمی ہے کہ ان کا اقامہ جدا کیا جائے‘۔ 
بچوں کے اقامے کو جدا کرنے کے عمل کوعربی میں ’فصل تابع‘ کہا جاتا ہے یعنی ڈیپینڈنٹ کو اقامہ سے جدا کرنا۔ فصل تابع کی فیس 500 ریال ہے۔ علاوہ ازیں اگراقامہ کی تجدید میں تاخیر ہوتو اس صورت 500 ریال تاخیر کا جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ 
خیال رہے جوازات کی جانب سے ابشرپورٹل پر’فصل تابع‘ کی سہولت فراہم کی ہے جس کے لیے جوازات کے دفتر جانے یا کسی ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ 
فصل تابع یعنی بچوں کا اقامہ جدا کرنے کے لیے ابشرپورٹل پر’تواصل‘ سروس کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ فصل تابع کی کارروائی کرتے وقت اقامہ کی فیس ادا نہیں کرنا ہوتی۔ 
تواصل سروس کے ذریعے معاملہ اپ لوڈ کرتے وقت اس امر کا خیال رکھا جائے کہ تواصل سروس پرموجود مختلف خدمات میں سے ’فصل تابع‘ کا انتخاب کیا جائے۔ 
ابشر پورٹل پرمتعلقہ فارم بھی موجود ہوتا ہے جسے عربی میں نام، اقامہ نمبر، تاریخ وجائے پیدائش، والد کا نام ، اقامہ نمبر اور دیگر معلومات درج کی جاتی ہیں۔ 
 فارم کو ڈاون لوڈ کریں اوربچے کے پاسپورٹ، اقامہ اوروالد کے اقامے کی ایک ہی پی ڈی ایف فائل بنائیں اوراسے تواصل پراپ لوڈ کردیں۔ 
خیال رہے جس وقت تواصل پر دستاویزات کی سکین کاپی اپ لوڈ کی جائے وہ ایک ہی فائل میں ہوں، سکین کاپیز کو جدا، جدا اپ لوڈ نہ کیاجائے۔ 

 فیملی فیس فی فرد 400 ریال ماہانہ کی بنیاد پر وصول کی جاتی ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)

سکین کاپی کو الگ الگ فائل میں اپ لوڈ کرنے سے درخواست مکمل نہیں ہوگی کیونکہ اس میں ایک ہی فائل کا آپشن ہوتا ہے جس کی وجہ سے دوسری فائل اپ لوڈ کرنے سے پہلے والی منسوخ ہوجاتی ہے۔ 
بعض افراد ایک فائل اپ لوڈ نہیں کرتے جس کے باعث انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اورمعاملہ کینسل ہوجاتاہے۔ فائل درست طور پراپ لوڈ ہونے کے بعد تین دن کے اندر اندر درخواست پرعمل ہوجاتا ہے۔ 
فصل تابع کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سربراہ خانہ کے اقامہ کی تجدید کے وقت جس بچے کا اقامہ جدا کرایا گیا ہے اس کی سالانہ فیس 500 ریال ادا کرنا ہوتی ہے۔  
 جوازات کے ٹوئٹرپرخروج نہائی کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ کیا خروج نہائی کی فیس مقرر کی گئی ہے کیونکہ ابشر پورٹل سے جب  فیملی کا فائنل ایگزٹ لگانے کے لیے کوشش کی تو کامیابی نہیں ہوئی وہاں سے ’ناکافی فیس ‘ کامیسج آیاایسا کس لیے ہے؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ فائنل ایگزٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی تاہم خروج نہائی کے لیے اس امر کا خیال رکھاجائے کہ اقامہ کی مدت میں کم از کم دوماہ باقی ہوں‘۔ 
فیملی فیس کی مد میں عائد فیس ادا کرنا ضروری ہوتی ہے جس کے بعد ہی خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے۔ خروج نہائی لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے اس دوران مملکت سے سفرکرنا ضروری ہوتا ہے بصورت دیگرایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتاہے۔ 
واضح رہے فیملی فیس کی مد میں فی فرد 400 ریال ماہانہ کی بنیاد پروصول کیے جاتے ہیں۔ اقامہ کی تجدید کے لیے کم از کم مدت 3 ماہ ہے۔

شیئر: