Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ کی مدت ختم ہونے سے کتنے دن پہلے واپسی ضروری ہے؟ 

ملٹی انٹری اور سنگل انٹری وزٹ ویزے جاری کیے جاتے ہیں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جسےعربی میں ’جوازات‘ کہا جاتا ہے کے ضوابط میں بعض تبدیلیاں کی گئیں ہیں جن پرعمل درآمد جاری ہے۔
محکمہ جوازات کی بیشترسروسز ڈیجیٹل ہیں جن سے لوگوں کو سہولت ہوتی ہے۔ ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے ابشر پلیٹ فارم سے اقاموں کی تجدید خروج وعودہ یا خروج نہائی اور وزٹ ویزوں کا اجرا کی سہولت بھی حاصل کی جاتی ہے۔
 جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ’کمرشل وزٹ ویزے پرآنے والے کو مملکت میں رہتے ہوئے اقامہ جاری کیاجاسکتا ہے؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا کہنا تھا کہ’ کسی بھی قسم کے وزٹ ویزے یا عمرہ ویزے پرآنے والے کے لیے لازمی ہے کہ وہ وقت مقررہ پرواپس لوٹ جائیں‘۔ 
کمرشل وزٹ ویزے پرآنے والے بھی اپنے مقررہ وقت پرواپس لوٹ جائیں۔ امیگریشن قانون میں ایسی  کوئی شق نہیں کہ وزٹ ویزے پر آنے کے بعد مملکت میں رہتے ہوئے وزٹ ویزے کو اقامہ میں تبدیل کیاجاسکے۔ 
واضح رہے وزٹ ویزے دو اقسام کے ہوتے ہیں ایک کمرشل وزٹ ویزا جبکہ دوسرا فیملی وزٹ ویزا۔ کمرشل وزٹ ویزے ان لوگوں کو جاری کیے جاتے ہیں جوتجارتی مقاصد کی انجام دہی کےلیے عارضی طورپرمملکت آتے ہیں۔ 
کمرشل وزٹ ویزے پرآنے والے غیر ملکیوں کو عارضی بنیاد پرمملکت میں کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ کمرشل وزٹ ویزے مختلف مدت کے لیے جاری کیے جاتے ہیں۔ 
ملٹی انٹری اور سنگل انٹری وزٹ ویزے دونوں کیٹگری کےلیے جاری ہوتے ہیں۔ 
 خروج وعودہ کے قانون کے حوالے سے ایک شخص کا سوال تھا کہ ’ محدود مدت کا خروج وعودہ جس میں واپسی کی تاریخ دی جاتی ہے۔ خروج وعودہ کی واپسی کی تاریخ 25 اکتوبر ہے۔ کیا اسی دن واپس آنا ضروری ہے؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ وہ افراد جو محدود مدت کے خروج وعودہ پرجاتے جس میں واپسی کی حتمی تاریخ جاری کی جاتی ہے انہیں چاہیے کے وہ مقررہ تاریخ ختم ہونے سے قبل واپس آجائیں‘۔  

وزٹ ویزے دو اقسام کے ہوتے ہیں ایک کمرشل وزٹ ویزا دوسرا فیملی وزٹ ویزا کہلاتا ہے( فوٹو سبق)

محدود مدت کے خروج وعودہ جس میں مملکت میں داخل ہونے کی تارخ درج کی جاتی ہے اگراسی دن بھی مملکت میں داخل ہوجائیں توانٹری درست مانی جائے گی اگرمقررہ تاریخ گزرجائے تو انٹرنیشنل امیگریشن قانون کے تحت ایکسپائرویزہ شمار ہوگا۔ 
واضح رہے سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات ‘ کی جانب سے ایسے تارکین جن کے اقامہ کی ایکسپائری میں 6 ماہ سے زیادہ ہو انہیں ماہانہ بنیاد پرخروج وعودہ جاری کیاجاتا ہے۔ 
جبکہ وہ تارکین جن کے اقامہ کی مدت 6 ماہ سے کم ہو انہیں محدود مدت کے لیے خروج وعودہ جاری کیاجاتا ہے۔ محدود مدت کے خروج وعودہ میں واپسی کی تاریخ درج کی جاتی ہے ساتھ ہی اس امر کی بھی وضاحت کی جاتی ہے کہ مذکورہ تاریخ تک مملکت میں داخل ہوسکتے ہیں۔ 
وہ افراد جومحدود مدت کے خروج وعودہ پرجاتے ہیں اورانہیں واپس آنے میں تاخیر ہونے کا خدشہ ہو تو انہیں چاہئے کہ وہ اپنےسپانسر سے کہہ کراقامے کی مدت میں توسیع کرائیں جس کے بعد خروج وعودہ کی مدت میں بھی توسیع کرائی جاسکتی ہے۔

شیئر: