نیویارک..... مقامی ٹیلیویژن کے ایک براہ راست پروگرام کے دوران ایک قوی الجثہ مکڑی کیمرہ اسکرین پر آبیٹھی جس پر نظر پڑتے ہی موسم کی خبریں بتانے والا اینکر حیران اور خو فزدہ ہوگیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پیٹرک ہیمر نامی اینکر اپنے پروگرام کے دوران ایک لمحہ کیلئے اچانک چوکنا ہوتا نظر آیا اور اس کی چیخ نکل گئی۔ اتنی بڑی مکڑی کو سامنے دیکھ کر اینکر نے جذبات میں آکر اپنے دونوں ہاتھ بلند کرکے خوف کا برملا اظہار کردیا۔ موقع کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس میں اینکر م مین " یہ کیا ہے، یہ کیا ہے" کی رٹ لگاتا ہوا چیختا اور پھر بھاگتا نظر آتا ہے۔ وڈیو دیکھنے والے اینکر مین کی اس حرکت سے بہت لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے یہ اچھا خاصا بالغ شخص اسی طرح چیخ چلا رہا تھا اور خوفزدہ نظر آتا تھا جیسے بچے مکڑی کو دیکھ کر چیخنے لگتے ہیں۔ واضح ہو کہ براہ راست ٹی وی پروگراموں کے دوران غیر متوقع انداز میں ہونے والی مداخلتوں کے حوالے سے پہلے بھی خبریں آتی رہی ہیں اور وڈیوز جاری ہوتی رہی ہیں جن میں کبھی کوئی بلی مداخلت کرتی ہے تو کبھی کوئی سانپ نظر آجاتا ہے اور کبھی کوئی بڑی مکھی پورے اسٹوڈیو میں اڑتی اور چکر لگاتی نظر آتی ہے جس سے ناظرین تو لطف اندوز ہوتے ہیں مگر پروگرام پیش کرنے والوں کو اچھی خاصی دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔ کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ پریشان کن حالت میں ناظرین کے سامنے بیٹھے رہنے کے بجائے پروگرام پیش کرنے والے بہت سے افراد اسکرین سے دور ہوجاتے ہیں اور کسی تکنیکی خرابی کا بہانہ کرکے ٹی وی کمپنیاں تھوڑی دیر کا وقفہ کردیتی ہیں اور پھر ناظرین سے معذرت کرتے ہوئے دوبارہ پروگرام شروع کردیتی ہیں مگر دیکھنے والوں کو اچھی طرح انداز ہ ہوتا ہے کہ حقیقت کیا رہی ہوگی۔