Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیثیت وزیراعظم میرے فون کی جاسوسی کی گئی: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ آڈیو لیکس قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  بحیثیت وزیر اعظم ان کی رہائش گاہ پر ان کی محفوظ لائن بھی جاسوسی کا شکار ہو گئی اس لیے وہ عدالت جا کر آڈیو لیکس کے مستند ہونے کی  تصدیق کرائیں گے۔
پیر کو ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ آڈیو لیکس قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہیں کیونکہ ان سے وزیراعظم آفس اور وزیراعظم ہاؤس کی پوری سکیورٹی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
’بحیثیت وزیر اعظم میری رہائش گاہ پر میری محفوظ لائن کی بھی جاسوسی کی گئی۔ ہم لیکس کے مستند ہونے کو ثابت کرنے کے لیے عدالت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور پھر جے آئی ٹی تشکیل دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ تحقیقات کی جا سکیں کہ کون سی انٹیلیجنس ایجنسی ہے جو بگنگ کی ذمہ دار ہے اور کون آڈیو کو لیک کر رہا ہے جن میں سے بہت سے ایڈٹ/ڈاکٹرڈ ہیں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا اس لیے اہم ہے کہ ’سیکیورٹی کے حساس مسائل غیر قانونی طور پر ریکارڈ کیے گئے اور بعد میں ہیک کیے گئے، جس سے پاکستان کی قومی سلامتی کی رازداری کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے سابق وزیراعظم عمران خان کی کئی آڈیوز لیک ہوئی ہیں جن سے ان کے امریکی سازش اور ہارس ٹریڈنگ کے بیانیے کو دھچکہ لگا ہے۔
اپنی آڈیوز میں وہ مبینہ طور پر ہارس ٹریڈنگ کی حمایت اور امریکہ سے آنے والے سائفر پر کھیلنے کی بات کرتے سنائی دیتے ہیں۔ تاہم ان کے ساتھی فواد چوہدری نے آخری آڈیو کو کٹ پیسٹ کی کوشش قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے عمران خان کی پے در پے دو مبینہ آڈیوز لیک ہوئی تھیں۔ ایک امریکی سائفر کے حوالے سے اور دوسری میں وہ تحریک عدم اعتماد سے چند دن پہلے پانچ ایم این ایز کے خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔
 سائفر کے حوالے سے جمعے کی شام کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں اسد عمر کہتے ہیں کہ ’ایک اور چیز ہے ہائنڈ سائیٹ میں، جو اب ہم کر رہے ہیں نا لیٹر والا، یہ ذرا ہفتہ 10 دن پہلے شروع کر دینا چاہیے تھا۔‘
جواب میں عمران خان کہتے ہیں کہ ’اس لیٹر کا بہت بڑا یعنی جو ہم سوچ رہے ہیں نا اس کا ساری دنیا کے اندر ایک ایمپیکٹ چلا گیا ہے۔‘

واضح رہے کہ سائفر کے حوالے سے اس سے قبل بھی عمران خان کی دو آڈیوز سامنے آ چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ سائفر کے حوالے سے اس سے قبل بھی عمران خان کی دو آڈیوز سامنے آ چکی ہیں۔ تاہم ان آڈیوز کے حوالے سے ابھی تک کوئی مستند ذریعہ سامنے نہیں آیا ہے اور یہ ’انڈی بیل‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لیک کی جا رہی ہیں۔
قبل ازیں جمعے کو ہی عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں  تحریک عدم اعتماد سے چند دن پہلے پانچ ایم این ایز کے خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اردو نیوز کو آڈیو لیک کے معاملے پر موقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ واضح طور پر کٹ اینڈ پیسٹ آڈیو ہے۔ اور جو کٹس ہیں ان کی آواز بھی واضح ہے۔‘
 

شیئر: