Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر سرفراز چیمہ پنجاب کے مشیر داخلہ مقرر، ہاشم ڈوگر کی مبارکباد

عمر سرفراز چیمہ رواں سال اپریل میں پنجاب کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی
تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کو پنجاب کا مشیر داخلہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
بدھ کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے عمر سرفراز چیمہ کو پنجاب کا مشیر داخلہ بنانے کی منظوری دی۔ وہ اس سے قبل پنجاب کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ 
وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے اُن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔
اس سے قبل پنجاب کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے منگل کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ٹوئٹر پر ہاتھ سے لکھے اپنے استعفے میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ذاتی وجوہات‘ اور ’صحت کے مسائل‘ کے پیش نظر وہ اس منصب پر مزید کام نہیں کر سکتے۔ 
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پر ہاشم ڈوگر کے خلاف ایسے ٹرینڈ چلائے جن میں ان سے استعفٰی مانگا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ ان کی مخالفت اس وقت شروع ہوئی جب انہوں نے پانچ اکتوبر کو اردو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں واضح الفاظ میں کہا تھا کہ ’پنجاب حکومت لانگ مارچ کرنے والوں کو سہولت فراہم نہیں کرے گی اور نہ ہی مارچ کا حصہ بنے گی۔ البتہ مارچ میں حصہ لینے والوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔‘
اُن کے اس بیان پر تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں نے بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں تنقید کی تھی۔ 
بعد ازاں ہاشم ڈوگر نے اردو نیوز کو دیے گئے اپنے انٹرویو کی وضاحت میں ٹویٹ بھی کیے اور ویڈیو بیان بھی جاری کیے۔
وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے بھی اس بیان پر ہاشم ڈوگر پر تنقید کی تھی۔
اُن کے استعفے کے بعد یہ تاثر قائم ہوا ہے کہ ان سے استعفٰی لانگ مارچ سے متعلق بیان دینے کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ 

شیئر: