مونا الصمیان، ایمیزون پیمنٹ سروسز کی کنٹری ہیڈ مقرر
مونا الصمیان، ایمیزون پیمنٹ سروسز کی کنٹری ہیڈ مقرر
جمعرات 13 اکتوبر 2022 13:27
مونا الصمیان نے آکسفورڈ سے فنانس اینڈ اوپن بینکنگ میں اعلی تعلیم حاصل کی۔ فوٹو ٹوئٹر
آن لائن کاروبار کو آسان، سستی اور قابل اعتماد ادائیگی کے حل کے ساتھ مزید بااختیار بنانے کے لیےمونا الصمیان کو ایمیزون پیمنٹ سروسز میں سعودی عرب کے لیے کنٹری ہیڈ بنا دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مونا الصمیان سعودی عرب کے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے کے بارے میں وسیع علم کے ساتھ کاروباری تبدیلی اور ادائیگی کے نظام میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔
مونا اپنی صلاحیتوں کے پیش نظر معیشت کے تمام شعبوں میں کاروبار کی ڈیجیٹلائزیشن سروسزکو فعال کرنے کے ذریعے ایمیزون ادائیگی کی خدمات کی ٹیم کی قیادت کر یں گی۔
مونا الصمیان نے اپنے کیریئر کا آغاز سعودی سینٹرل بینک میں ادائیگیوں کی پالیسی کے ماہر کے طور پر کیا تھا۔
انہوں نے 2018 میں گلف پیمنٹس کمپنی میں شمولیت اختیار کی جسے گلف کوآپریشن کمیٹی سپریم کونسل کی قرارداد کے ذریعے تشکیل دیا گیا تھا ۔
جی سی سی میں ادائیگیوں کے نظام کو مرکزی بینکوں کے ذریعے مشترکہ طور پر فنڈز فراہم کرنے والی ایک آزاد تنظیم کے ذریعے مربوط کیا گیا تھا۔
انہوں نے کمپنی میں بزنس ڈائریکٹر کے طور پر کاروباری ترقی، آپریشنز اور مارکیٹنگ کے شعبوں کی قیادت کی اور علاقائی کراس بارڈر پیمنٹ سروس (آفاق) بنانے میں تعاون کیا۔
مونا الصمیان ریاض میں شہزادی نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی کی گریجویٹ ہیں انہوں نے متعدد تعلیمی اسناد حاصل کی ہیں اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے فنانس اینڈ اوپن بینکنگ میں اعلی تعلیم حاصل کی۔
مونا الصمیان خلیج ممالک میں بزنس ٹرانسفارمیشن اور ادائیگی کے نظام کے شعبے میں تجربہ کار اور متحرک پیشہ ور خاتون ہیں۔