’تضحیک آمیز مہم‘، پی ٹی آئی قیادت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست
’تضحیک آمیز مہم‘، پی ٹی آئی قیادت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست
جمعرات 13 اکتوبر 2022 14:44
بشیر چوہدری -اردو نیوز، اسلام آباد
الیکشن کمیشن نے درخواست میں کہا ہے کہ عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر نے جو باتیں کہی ان کو جھٹلایا نہیں گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن نے عمران خان ،اسد عمر اور فواد چوہدری کی جانب سے منظم تضحیک آمیز مہم چلانے کے معاملے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’الیکشن کمیشن نے اگست اور ستمبر میں عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے نوٹسز جاری کیے۔ عمران خان اور دیگر فریقین نے توہین عدالت کے نوٹسز کو مختلف ہائی کورٹس میں چیلنج کر دیا۔ الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کو توہین پر کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔‘
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کی توہین کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ سے رجوع کیا۔ اسد عمر نے توہین الیکشن کمیشن کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے بینچ نے سات ستمبر کو کہا کہ ہم اس معاملے پر لارجر بینچ بنائیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام فریقین کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا ایک ہی نوعیت کا کیس ہے۔ الیکشن کمیشن کو الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 10 کے تحت آئینی ادارے کی توہین پر سزا دینے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
الیکشن کمیشن کی درخواست کے مطابق ’وقت کے ضیاع سے بچنے کے لیے انصاف کے اصولوں کا تقاضا ہے کہ تمام درخواستیں ایک ہی ہائی کورٹ میں سنی جائیں۔ تمام مقدمات ایک ہائی کورٹ میں منتقل کرنے سے وقت اور عوامی پیسے کی بچت ہو گی۔‘
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ عدالت کے سامنے یہ گزارش رکھنا ضروری ہے کہ عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر نے جو باتیں کہی ان کو جھٹلایا نہیں گیا۔
’توہین الیکشن کمیشن کے اس کیس میں کسی شواہد کی ضرورت بھی نہیں۔ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے۔ انصاف کے اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے تمام مقدمات ایک ہائی کورٹ میں منتقل کیے جائیں۔‘
درخواست میں الیکشن کمیشن نے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو بھی فریق بنایا ہے۔