حرمین میں خواتین مشاورتی کونسل کے قیام کا فیصلہ
سعودی قیادت کی خواہش ہے زائر خواتین کو جملہ سہولتیں حاصل ہوں۔ (فوٹو سیدتی)
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں خواتین کی مشاورتی کونسل قائم کرنے کی ہدایت دے دی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر السدیس کا مقصد حرمین شریفین میں زائرین کی خدمت کے عمل میں یکسانیت لانا اور خواتین کو اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانا ہے۔ ان کا ایک مقصد زائر خواتین کو پیش کی جانے والی خدمات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی ہے۔
ڈاکٹر السدیس حرمین شریفین کے انتظامات کے سلسلے میں سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ سعودی خواتین مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے آنے والی خواتین کو وہ تمام سہولیات مہیا کریں جن کی انہیں ضرورت ہے اور سعودی قیادت کی آرزو ہے کہ زائر خواتین کو جملہ سہولتیں حاصل ہوں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں