Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سپورٹس فیڈریشن کے تعاون سے دوسری قومی کرکٹ چیمپئن شپ کا آغاز

ریاض، جدہ، دمام، جبیل، قصیم، تبوک، مدینہ، ینبع، ابہا، جیزان، نجران میں میچز ہوں گے۔ فوٹو ٹوئٹر
سعودی عرب  میں بسنے والے ہندوستانی، پاکستانی، بنگلہ دیشی اور سری لنکن تارکین میں کرکٹ کا کھیل انتہائی مقبول ہے اور اس کھیل سے جڑی سرگرمیوں اور تقریبات کا مقصدغیر ملکیوں کو صحت مند سرگرمیوں کا ماحول فراہم کرنا ہے۔
سعودی سپورٹس فارآل فیڈریشن(ایس ایف اے) کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی کرکٹ فیڈریشن کے تعاون سے دوسری قومی کرکٹ چیمپئن شپ کا پورے سعودی عرب میں انعقاد ہو رہا ہے۔

کرکٹ سرگرمیاں غیرملکیوں کے سماجی رابطوں کا بہترین ذریعہ ہے۔ فوٹو فیس بک

سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن مملکت کے گیارہ شہروں میں چار ماہ کے دوران کرکٹ میچوں کی میزبانی کرے  گی، اس قومی کرکٹ چیمپئن شپ میں آٹھ ہزار کھلاڑیوں اور شرکاء کی آمد  متوقع ہے۔
قومی کرکٹ چیمپئن شپ کے لیے  مملکت کے جن شہروں کو میزبانی دی گئی ہے ان میں ریاض، جدہ کے علاوہ دمام، جبیل، قصیم، تبوک، مدینہ منورہ ،  ینبع، ابہا، جیزان اور نجران شامل ہیں۔
مملکت بھر میں منعقد کی جانے والی چیمپئن شپ میں شامل ہونے والی کھلاڑیوں کو بہترین مواقع ملنے کی توقع ہے جہاں ہر ٹیم کو ایک راؤنڈ ملے گا ، ونر اور رنر اپ ٹیموں  کو انعامات اور  نقد رقم دی جائے گی۔
اس چیمپئن شپ کے ذریعے  کرکٹ سے محبت کرنے والوں اور کمیونٹی کے اراکین کو اپنی فٹنس کی سطح بلند رکھنے کے لیے حوصلہ افزائی ملتی ہے۔

ہندوستانی، پاکستانی، بنگلہ دیشی اور سری لنکن تارکین میں کرکٹ انتہائی مقبول ہے۔ 

سعودی عرب میں سپورٹس فار آل فیڈریشن  کے صدرشہزادہ خالد بن الولید بن طلال آل سعودنے کہا ہے کہ کرکٹ فیڈریشن میں قومی چیمپئن شپ کا دوبارہ آغاز سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے لیے پرجوش لمحہ ہے۔
شہزادہ خالدبن ولید  نے مزید کہا ہے کہ گذشتہ  سال کا کرکٹ ایونٹ سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کی مقبول ترین کرکٹ چیمپئن شپ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی سرگرمیاں مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کو مشغول رکھنے اور جسمانی فٹنس کے معیار کو بلند کرنے کے علاوہ سماجی رابطوں کو مضبوط کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔

گذشتہ سال سعودی  کے 9 بڑے شہروں میں قومی کرکٹ چیمپئن شپ منعقد ہوئی۔ فوٹو ٹوئٹر

سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے ساتھ اس تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے  کہا ہے کہ2021 میں کھیلوں کے شعبے میں قومی کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد اہم کامیابیوں میں سے ایک ہے۔
قومی کرکٹ چیمپئن شپ کے گذشتہ سال آغاز کے بعد سے اس کھیل کی مقبولیت کو مملکت کے بیشتر علاقوں میں ریکارڈ سطح تک بڑھانے میں کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی صحت مند سرگرمیاں اور ٹورنامنٹس کا انعقاد  کرکٹ کی مقبولیت کو بڑھانے اور اس قدیم کھیل میں مختلف عمر اور صلاحیت کے حامل افراد کی دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال مملکت کے 9 شہروں کی 369 ٹیموں اور 15 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ذریعے ہزاروں کھلاڑیوں اور شرکاء نے حصہ لیا تھا اور 14 ہفتوں تک 106میدانوں میں قومی کرکٹ چیمپئن شپ منعقد ہوئی جس میں456 پیشہ ور اہلکاروں اور رضاکاروں نے خدمات انجام دیں۔
 

شیئر: