16 اوور کے میچ ریاض کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن اور ڈیجیٹل اینٹٹی کمپنی نے سعودی عرب کا 91 واں قومی دن منانے کے لیے ریاض میں بچوں اور بڑوں کے لیے سافٹ بال کرکٹ میچوں کی ایک سیریز منعقد کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 16 اوور کے کرکٹ میچ ریاض کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے۔ ان مقابلوں میں بڑوں کی چار جبکہ بچوں کی دو ٹیمیں شامل تھیں۔
پہلے مقابلے میں فائنل میچ ٹی سی آئی ایل الیون اور ڈی ای سی کے درمیان کھیلا گیا۔
ڈی ای سی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 16 اوورز میں 252 رنز بنائے۔
ٹی سی آئی ایل الیون 253 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 16 اوورز میں 240 رنز بنا سکی۔
ڈی ای سی نے 13 رنز سے فائنل میچ اپنے نام کر لیا۔
اس تقریب کا مقصد سعودی وژن 2030 کے کوالٹی آف لائف پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ریاض کے رہائشیوں کے لیے ایک صحت مند اور فعال طرز زندگی کو فروغ دینا تھا۔
کوالٹی آف لائف پروگرام 2018 میں شروع کیا گیا تھا تاکہ کھیلوں کے اقدامات اور مقابلوں کی ایک سیریز کے ذریعے رہائشیوں اور مملکت میں آنے والے وزیٹرز کے لیے صحت مند طرز زندگی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
واضح رہے کہ کوالٹی آف لائف پروگرام کے سربراہ احمد بن عقیل الخطیب کو 16 ارب ڈالر کا بجٹ دیا گیا ہے تاکہ سعودی شہروں کا شمار رہنے کے لیے دنیا کے بہترین شہروں میں کیا جائے۔
سعودی عرب ایشیائی تارکین وطن کا دوسرا گھر بن گیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
یہ پروگرام 13 سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ زندگی کے معیار کا تعین مقامی سروسز کی بنیاد پر کیا جائے۔
ڈی ای سی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انیس الرحمان نے کہا کہ سعودی عرب ایشیائی تارکین وطن کا دوسرا گھر بن گیا ہے جوسعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کی مہمات کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں تاکہ صحت مند اور فعال طرز زندگی کو فروغ دے سکیں۔
انیس الرحمان نے مزید کہا کہ ’ہم اس اہم موقع پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں اور سب کو سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہیں۔
انیس الرحمان جو جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی ایسوسی ایشن ریاض کے صدر بھی ہیں مملکت میں کھیل کو فروغ دیتے ہوئے دارالحکومت میں غیر ملکیوں کے لیے کرکٹ کے مواقع پیدا کرنے کے خواہاں ہیں۔