Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، داعش کے پانچ مبینہ دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی نے آپریشن میں داعش کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ سے متصل ضلع مستونگ کے علاقے اسلپنجی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا -
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ و بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہےکہ ہلاک دہشت گرد زائرین اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے ایک سینیئر عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ کارروائی داعش کے اہم کمانڈر نیاز محمد حسنی کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق نیاز محمد حسنی چار ساتھیوں سمیت مارے گئے۔
لاشیں شناخت اور نادرا ویری فیکشن کے لیے کوئٹہ منتقل کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد بم دھماکوں اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے۔
 خیال رہے کہ دو روز قبل اس علاقے میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں چار مقامی افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی-
ادھر قلات میں دو دھماکے ہوئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ان میں سے شیخڑی کے مقام پر ہونے والے دھماکے میں ایک موبائل ٹاور کو تباہ کیا گیا۔

شیئر: