سعودی عرب کی جانب سے 400 ملین ڈالر امداد پر یوکرینی سفیر کا شکریہ
مملکت کی امداد شہریوں کی زندگی کا معیار بدلنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں یوکرین کے سفیر اناتولی پیٹرینکو نے سعودی عرب کی طرف سے اعلان کردہ 400 ملین ڈالر کے ہیومینٹرین امدادی پیکج پر شکریہ ادا کیا ہے۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی سفیر نے کہا کہ’ مملکت کی امداد شہریوں کی زندگی کا معیار بدلنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ یہ پوزیشن بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور ضروری دفعات کے ساتھ سعودی عرب کی وابستگی ، آپ کی سیاسی قیادت کی دانشمندی، سعودی عوام حقیقی دوستی اور یوکرین کے لیے ان کے جذبے کا پختہ ثبوت ہے‘۔
یوکرین کے سفیر اناتولی پیٹرینکو نے سعودی قیادت کی سفارتی کوششوں کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور کہا ’تمام جنگی قیدیوں کی بازیابی کی کوششوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں‘۔
اناتولی پیٹرنکو کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب جنگ بند کرانے اور بحران کو پرامن طور پر حل کرانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ساتھ دے رہا ہے‘۔
یاد رہے کہ یوکرینی صدر نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہا تھا کہ وہ’ یوکرین کی علاقائی خود مختاری کی حمایت میں مملکت کے موقف پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں‘۔
سعودی عرب نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی روس کے زیر قبضہ چار خطوں کے ماسکو کے ساتھ الحاق کو تسلیم نہ کرنے کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
یوکرین کے صدر نے یہ بھی کہا تھاکہ ’وہ اور سعودی ولی عہد مزید جنگی قیدیوں کی رہائی کے لیے رابطے جاری رکھنے پر متفق ہیں‘۔
یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ ماہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلہ کے عمل کے ایک حصے کے طور پر مختلف ممالک کے دس قیدیوں کی رہائی کےلیے ثالثی کی تھی۔
قبل ازیں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے نتیجہ خیز کوششوں پربھی سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا تھا۔