اردن میں شامی پناہ گزینوں کے لیے رضاکارانہ پروگرام کا اختتام
اردن میں شامی پناہ گزینوں کے لیے رضاکارانہ پروگرام کا اختتام
پیر 17 اکتوبر 2022 22:27
فرنیچر ڈیزائن، مٹی کے برتن، اشاروں کی زبان اور طبی امداد کے کورس شامل تھے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شامی پناہ گزینوں کے لیے اردن کے زاتاری کیمپ میں اپنا 13 واں رضاکارانہ پروگرام ختم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 7 سے 14 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں مختلف طبی، نفسیاتی، سماجی اور تعلیمی خصوصیات کے 21 رضاکاروں نے اس انیشیٹو میں حصہ لیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس مہم سے ایک ہزار 193 افراد مستفید ہوئے ہیں۔
اس مہم میں کارپینٹری، فرنیچر ڈیزائن، مٹی کے برتن، اشاروں کی زبان اور طبی امداد کے کورس شامل تھے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے 1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.7 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔