قطر چینی پانڈے حاصل کرنے والا مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن گیا
قطر چین اور تائیوان سے باہر 20 واں ملک ہے جسے پانڈے دیے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
قطر دو چینی پانڈے حاصل کرنے والا مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو قطر پہنچنے والے پانڈوں کے نام سہیل اور ثریا ہیں، جنہیں حقیقی خلیجی انداز میں، لگژری ایئرکنڈیشنڈ کوارٹرز میں رکھا گیا ہے۔
دارالحکومت دوحہ کے شمال میں تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر الخور پارک میں ایک تقریب میں بچوں اور صحافیوں نے چار سالہ نر اور تین سالہ مادہ کو اپنے عارضی گھر میں جاتے دیکھا۔
چینی حکومت نے 20 نومبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے موقع پر یہ جانور بطور تحفہ بھیجے ہیں۔ چین نے اس ایونٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کیا لیکن وہ قطر کا قدرتی گیس کا بڑا خریدار ہے۔
الخور کے زولوجیکل ڈائریکٹر ٹم بوٹس کے مطابق سہیل کا وزن 130 کلو ہے، اور اس کی مادہ ساتھی کا وزن 70 کلو ہے۔ ان دونوں کو اپنے دو دیکھ بھال کرنے والوں کے ساتھ، جو ان کے ساتھ آئے ہیں، 21 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’کچھ ہفتوں یا ایک ماہ میں یہ دنیا کے سامنے آنے کے لیے تیار ہوں گے۔‘
حکام نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ کیا نیا پانڈا ہاؤس، جو کہیں بھی سب سے بڑا انکلوژر ہے، ورلڈ کپ شروع ہونے تک تیار ہو جائے گا۔
پانڈا ہاؤس میں سہیل اور سوریا کے اپنے الگ الگ کوارٹر میں ہوں گے۔
قطر چین اور تائیوان سے باہر 20 واں ملک ہے جسے پانڈے دیے گئے ہیں۔