آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کا سُپر 12 مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ شائقین پُرجوش ہیں تاہم محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی ان کے جذبات پر پانی پھیرتی دکھائی دے ہے۔
پیشن گوئی کے حساب سے دیکھا جائے تو آج سے شروع ہونے والے سُپر 12 مرحلے کے پہلے تینوں میچز کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پاکستان کے چار بھی متاثر ہو سکتے ہیں جن میں انڈیا کے ساتھ میچ بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں
-
ورلڈ کپ میں پاکستان کا ’میک اور بریک پلیئر‘Node ID: 708946
-
’دل کو دلاسہ دے رہی ہوں کہ یہ وارم اپ میچ تھا‘Node ID: 709841
-
پاکستان کا انڈیا میں شیڈول ٹورنامنٹس میں شرکت نہ کرنے کا عندیہNode ID: 710356
اسی طرح مجموعی طور پر اس مرحلے کے سات میچوں کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔
ویسے تو شائقین کرکٹ موسم کی اس ممکنہ کروٹ پر کافی دل گرفتہ ہیں اور اس امید سے دل کو بہلائے ہوئے ہیں کہ محکمہ موسمیات کا الرٹ صرف پیشن گوئی ہی تو ہے جو غلط بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ایسے صارفین کی بھی کمی نہیں جو ’آہ‘ کو ’واہ اور آہا‘ میں بدلنے کا فن جانتے ہیں۔
سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر ممکنہ بارش کے حوالے سے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تصویریں اور ویڈیوز ڈال رہے ہیں جبکہ ساتھ دلچسپ کیپشن بھی دے رہے ہیں اور ان پر تبصرے کرنے والے ان سے ایک قدم آگے دکھائی دے رہے ہیں۔
بابر علی نامی صارف نے گراؤنڈ میں ٹاس کے وقت کی ایک ایسی فوٹو شاپڈ تصویر لگائی جس میں بابر اعظم اور انڈین کپتان کے علاوہ دو ماہرین بھی موجود ہیں اور وہ گھٹنوں تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’پاکستان نے ٹاس جیت کر تیراکی (سوئمنگ) کا فیصلہ کیا ہے۔
عزیر انصاری نے ایک ایسی فوٹوشاپڈ تصویر کی جس میں دو افراد آکسیجن سلینڈر پہنے پانی کی تہہ میں کھیل رہے ہیں، ایک شخص بیٹنگ کر رہا ہے جبکہ پیچھے وکٹ کیپر بھی دکھائی دے رہا ہے۔
انہوں نے کپیشن میں لکھا کہ ’میلبورن کے گراؤنڈ سے لیک ہونے والی بابر اعظم اور ویراٹ کوہلی کی تصویر۔‘
ریتش چودھری نے موسم کی پیشن گوئی کا چارٹ شیئر کرتے ہوئے ساتھ لکھا کہ ’کیا گوگل ہم کو بے وقوف بنا رہا ہے۔‘
چارٹ میں 23 اکتوبر کو ابر آلود جبکہ باقی تمام ایام پر بارش ظاہر کی گئی ہے۔ انہوں نے ساتھ قہقہے کا ایموجی بھی لگایا۔
اسی طرح ایک اور صارف عاقب شہزاد نے بھی میلبورن کے موسم کے حوالے سے پوسٹ کرتے ہوئے ایسی ویڈیو لگائی جو گاڑی کے اندر سے بنی اور وائپر چل رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہائے، میلبورن آپ کو خوش آمدید کہتا ہے۔‘
علینہ نے موسم کا سکرین شاٹ لگاتے ہوئے لکھا کہ ’اچھا تو میلبورن میں بارش کی پیشن گوئی تبدیل ہو گئی ہے۔ بہت ہیوی دعائیں چل رہی ہیں۔‘