Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دل کو دلاسہ دے رہی ہوں کہ یہ وارم اپ میچ تھا‘

پاکستانی فیلڈرز نے انگلش بیٹرز کے لگاتار دو کیچ گرائے (فوٹو: کرک انفو)
ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
پیر کو آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ہونے والے اس وارم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ نے یہ ہدف 14 اوورز میں بآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 39، محمد وسیم نے 26 جبکہ افتخار احمد نے 22 رنز سکور کیے۔
انگلینڈ کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے ہیری بروک نے 45، بین سٹوکس نے 36 اور سیم کرن نے 33 رنز سکور کیے۔
وارم اپ میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے ناقص فیلڈنگ دیکھنے میں آئی۔ فیلڈرز نے انگلش بیٹرز کے لگاتار دو کیچ گرائے، جبکہ آسان رنز بھی دیے۔
وارم اپ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پاکستان ٹیم کے فینز کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ہانیا لکھتی ہیں کہ ’دل کو دلاسہ دے رہی ہوں کہ یہ وارم اپ میچ تھا کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘
وقاص احمد نے لکھا کہ ’انہوں نے لیونگسٹون کو دو لگاتار گیندوں پر موقع دیا ہے، پاکستان کی فیلڈنگ ہر طرح سے غیر معیاری ہے۔‘
خوشدل شاہ کے صفر پر آؤٹ ہونے پر آلو بخارا نامی ہینڈل نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال سے وقت آگیا ہے کہ خوشدل کو واپس فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھیجا جائے۔‘
فاطمہ مسرور نے لکھا کہ ’وارم میچ ہو یا بڑا میچ ہو، کوئی فرق نہیں پڑتا، فیلڈنگ کا ایسا معیار کہیں بھی قابل قبول نہیں ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہی ٹیم میں یہ فیلڈنگ کوچ کیا کر رہے ہیں۔ انہیں بھی پتا ہے کہ ہم بڑا ٹورنامنٹ کھیل رہے بھئی، پاکستان کی ناقص کارکردگی، بہت مایوسی ہوئی۔‘
 
دوسری جانب انڈیا کے سابق عظیم بیٹر سنیل گواسکر نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے ایک نجی محفل میں ملاقات کی جس کے بعد سنیل گواسکر کو خاص ٹوپی کا تحفہ دیا۔
انڈین صحافی وکرانت گپتا لکھتے ہیں کہ ’ایک لیجنڈ نے دوسرے بننے والے لیجنڈ سے، سنیل گواسکر بابر اعظم کو ’سنی ٹوپی‘ تحفے میں دے رہے ہیں۔‘
 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اپلوڈ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنیل گواسکر بابر اعظم سے حال احوال پوچھ رہے ہیں اور انہیں سالگرہ کی مبارک باد بھی دے رہے ہیں۔
نجی محفل کے دوران سنیل گواسکر نے پاکستانی بیٹرز کو بیٹنگ کے قیمتی مشورے بھی دیے۔
خیال رہے پاکستان 23 اکتوبر کو میلبرن میں انڈیا کے خلاف میچ سے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔

شیئر: