سعودی عرب میں گاڑی کی نمبر پلیٹ گم ہونے پر کیا کریں؟
سعودی عرب میں گاڑی کی نمبر پلیٹ گم ہونے پر کیا کریں؟
پیر 24 اکتوبر 2022 0:06
کوئی شخص اپنی گاڑی میں کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال نہ کرے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ادارہ ٹریفک پولیس ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی کا ملکیتی کارڈ ’استمارہ ‘ اور گاڑی کی نمبر پلیٹ جاری کرنے کا ذمہ دار ہے۔ نمبر پلیٹ گم ہونے کی صورت میں اسے دوبارہ جاری کرایا جاسکتا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ٹوئٹ پرایک شخص نے دریافت کیا ’ڈرائیونگ لائسنس چار سال 3 ماہ ایکسپائری کے بعد تجدید کرایا جس کے لیے جرمانہ ادا کیا گیا۔ لائسنس کی دس برس کی فیس جمع کی گئی ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ لائسنس کی تجدید 10 برس کےلیے کب سے ہوگی۔ تجدید کرائی گئی تاریخ سے یا سابقہ لائسنس کی آخری تاریخ سے؟‘
سوال کے جواب میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ’ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اسی تاریخ سے شمار ہوگی جو اس کی ایکسپائری تھی۔ جرمانہ تاخیر سے تجدید کرانے پرعائد کیا جاتا ہے‘۔
واضح رہے قانون کے مطابق سرکاری دستاویزات کی ایکسپائری تاریخ سے قبل اسے تجدید کرانا لازمی ہے۔ ادارے کے ریکارڈ میں دستاویز کے تسلسل کو برقرار رکھنے کےلیے تجدید اسی تاریخ سے کی جاتی ہے جو سابقہ آخری تاریخ ہو۔
اس کیس میں لائسنس کی تجدید 10 برس کےلیے کی گئی اس میں ایکسپائری تاریخ کے 4 سال اور3 ماہ شمارکیے جائیں گے یعنی لائسنس کی باقی ماندہ مدت 5 برس اور7 ماہ رہ جائے گی۔
ادارہ ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’ گاڑی کی نمبرپلیٹ گم ہوگئی، اس کے لیے کیا کریں؟‘
سوال کے جواب میں ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ’گم شدہ نمبرپلیٹ کی رپورٹ فوری طورپرقریبی پولیس سٹیشن میں کرائی جائے‘۔
گم شدہ نمبرپلیٹ کی رپورٹ فوری طور پر قریبی پولیس سٹیشن میں کرائی جائے(فوٹو سبق)
’پولیس سٹیشن میں رپورٹ کرانے کے بعد محکمہ ٹریفک پولیس کے ذیلی دفتر کے متعلقہ شعبے جو کہ گاڑی کی ملکیتی کارڈ کے اجرا و تجدید سے تعلق رکھتا ہے سے رجوع کیا جائے تاکہ گم شدہ نمبرپلیٹ کو سسٹم سے ڈیلیٹ کرنے کے بعد دوسری نمبرپلیٹ جاری کی جاسکے‘۔
واضح رہے سعودی عرب میں گاڑیوں کی نمبرپلیٹ ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کی جاتی ہے۔ گاڑیوں پروہی نمبرپلیٹ لگائی جاتی ہے جو ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہو۔
ادارہ کے علاوہ کہیں باہر سے بنائی ہوئی نمبر پلیٹ کا استعمال قانونی طورپرمنع ہے ایسا کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔
خیال رہے گاڑی کی نمبرپلیٹ انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی ٹریفک پولیس کی خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی کی نمبرپلیٹ کے ذریعے ہی چالان کیا جاتا ہے۔ اس لیے اگرکسی کی نمبرپلیٹ گم ہوجائے اس صورت میں بالا تاخیر پولیس سٹیشن میں رپورٹ کی جائے تاکہ کسی بھی مشکل پیش آنے پراس بارے میں ثبوت موجود ہو۔
خیال رہے کہ کوئی بھی شخص اپنی گاڑی میں کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کسی بھی صورت میں استعمال نہ کرے۔ ایسا کرنے پر پانچ سے دس ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔